0
Thursday 24 Oct 2013 22:24
پاکستان میں انصاف اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں،

ریاست لاچار ہے، عوام کا اعتماد سیاسی نظام سے اٹھتا جارہا ہے، علامہ ساجد نقوی

ریاست لاچار ہے، عوام کا اعتماد سیاسی نظام سے اٹھتا جارہا ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجتہی کونسل پاکستان کے قائم مقام صدر اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ یوم غدیر اسلام کی تکمیل کا دن ہے، اس دن اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم نے پوری مسلم امہ کو ایک سیاسی نظام دیا تھا اور اسی دن دین کی تکمیل ہوئی۔ اسلام آباد میں جامعہ کوثر اور روضہ مولائے علی علیہ السلام کے ڈائریکٹر کے تعاون سے منعقد ہونے والی انٹرنیشنل غدیر کانفرنس سے خطاب میں علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ یہ دن تکمیل دین کی سند کے طور پر اور امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کی ولایت کے اعلان کے طور پر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ علیہ السلام نے تطہیر نفس کے لئے تقویٰ، شب بیداری، عبادت، حسن سلوک، عاجزی، انکساری اور تواضع جیسی صفات اختیار کیں جبکہ تطہیر نظام و معاشرہ کے لئے عدل و انصاف، اعتدال، توازن، حقوق کا حصول اور اسلامی نظام حیات کے نفاذ کے لئے بھرپور عملی اقدامات اٹھائے، یہی وجہ ہے کہ آپ (ع) کے اندر ذاتی اور اجتماعی رہنمائی کے لئے تمام خصوصیات اور شرائط موجود تھیں، آپ (ع) کی سیرت و کردار اور عمل اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں انصاف اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں، اس ملک میں انسانی زندگی کی کوئی اہمیت نہیں، آئے روز لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے لیکن ریاست لاچار ہے۔ انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان بڑھتا جارہا ہے اور عوام کا سیاسی نظام سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے۔ دہشتگردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے نہ گذشتہ حکومت نے کوئی واضح پالیسی اختیار کی تھی نہ ہی موجودہ حکومت کچھ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غدیر ہمیں دوسروں کے ساتھ احترام کا درس دیتا ہے۔ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ایک دوسرے کے امتیازات کو تسلیم کرنا اور احترام کرنا ہی وحدت اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 313884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش