0
Friday 25 Oct 2013 22:22

طالبان سے مذاکرات پر امریکہ سمیت کسی ملک کو اعتراض نہیں، دفتر خارجہ

طالبان سے مذاکرات پر امریکہ سمیت کسی ملک کو اعتراض نہیں، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان فوری ملاقات پر زور دیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات پر امریکہ سمیت کسی ملک کو اعتراض نہیں، امید ہے ڈرون حملے جلد بند ہو جائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات ہیں، پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں بھی کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، معاملے پر ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان فوری ملاقات ہونی چاہیئے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نے امریکہ کا کامیاب دورہ مکمل کر لیا ہے، دورے میں دہشتگردی، معاشی تعاون، توانائی مسائل سمیت مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی اور عافیہ صدیقی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طالبان سے بات چیت پر امریکہ سمیت دنیا کے کسی ملک کو اعتراض نہیں۔ ڈرون حملوں پر پاکستان کا مؤقف بہت واضح ہے اور وزیر اعظم نے صدر اوباما سے ملاقات میں بھی بہت واضح انداز میں اپنا مؤقف پیش کیا۔ امید ہے ڈرون حملے جلد بند ہو جائیں گے، ترجمان نے ماضی میں ڈرون حملوں سے متعلق کسی معاہدے کی موجودگی پر تبصرے سے انکار کر دیا، گذشتہ دو برس میں پاک امریکہ تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں تاہم مستقبل میں یہ باہمی احترام اور مفاد پر مبنی ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ شکیل آفریدی نے پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی ہے اس کی قسمت کا فیصلہ عدالت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 314221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش