0
Friday 1 Nov 2013 22:01

بھارت کو اپنی حدود تک کا علم نہیں ہے، جسونت سنگھ

بھارت کو اپنی حدود تک کا علم نہیں ہے، جسونت سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے سابق وزیر خارجہ جسونت سنگھ نے کہا ہے کہ 4 سرحدی لائنوں کی وجہ سے بھارت گھر کر رہ گیا ہے اور ان سرحدی حدود سے نکلنا ملک کے لئے اشد ضروری ہے، ان کے مطابق ان 4 سرحدی لائنوں میں بھارت اور چین کے درمیان کی میك موہن لائن، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کی ڈیورنڈ لائن، بھارت اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن اور مقبوضہ کشمیر میں چین کے ساتھ حقیقی کنٹرول لائن شامل ہیں، جسونت سنگھ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تناظر میں ہم ان چار لائنوں میں پھنس گئے ہیں، ہم اس سے نجات پا سکتے ہیں اور اس سے نجات حاصل کرنا ہی بھارت کے لیے ضروری ہے، جسونت سنگھ کی نئی کتاب ’’انڈیا ایٹ رسک مسٹیكس، مس کنسیپشنز اینڈ مس ایڈونچرز آف سکیورٹی پالیسی‘‘ میں بھارت کے دفاع سے متعلق سوالات پر تفصیل سے بحث کی گئی ہے، یہ کتاب آج نئی دہلی میں جاری کی گئی، اس دوران جسونت سنگھ نے کہا کہ اپنی اندرونی اور بیرونی جدوجہد سے نمٹنے کے لئے بھارت کے پاس اسٹریٹجک تناظر کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی حدود تک کا علم نہیں ہے، یہاں تک کہ برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے آنے سے پہلے بھارت کا کوئی نقشہ ہی نہیں ہے لیکن کیا ایسٹ انڈیا کمپنی کے آنے سے پہلے بھارت ایک یونٹ کے طور پر موجود تھا؟ جسونت سنگھ کا خیال ہے کہ نیشن کا تصور بعد میں آیا لیکن وہ کہتے ہیں کہ نیشن کا تصور مغربی ہے اور یہ کہ نیشن اور قوم میں فرق ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ضروری نہیں کہ تمام تر مغربی اصلاحات کی تعریف ہندوستانی تناظر میں کارآمد ہوں۔ اپنی کتاب میں جسونت سنگھ نے 1947ء میں تقسیم اور اس کے بعد کی تقریباً تمام بڑی جنگوں کا حوالہ دیا ہے، بطور خاص 1948ء میں کشمیر میں ہونے والے بھارت پاک تصادم، 1962ء کی بھارت چین جنگ اور پھر پاکستان کے ساتھ ہونے والی تین جنگوں کے حوالے سے انہوں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ بھارتی پالیسی سازوں کے سامنے ملک کی سلامتی کو درپیش خدشات کو دور کرنے کا کوئی خاکہ ہی نہیں تھا، انہوں نے کہا ’’میں نے کتاب تقسیم ہند سے شروع کی ہے کیونکہ تقسیم ہی بھارت کے سامنے سلامتی کا پہلا بڑا چیلنج تھا، ایک جغرافیائی اکائی کو نقشے پر ریڈكلف لائن کھینچ کر دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بھارت کے خارجہ رشتوں کی پالیسی چار لائنوں میں قید ہوکر رہ گئی‘‘۔

اپنی کتاب میں سابق وزیر خارجہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمان نے بھارت پر تقسیم کے اثرات کی تحقیق کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ تقسیم اب تک کا سب سے بڑا فرقہ وارانہ فساد تھا، انہوں نے کہا ہے کہ پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار وللبھ بھائی پٹیل جیسے رہنماؤں کے سامنے بھارت کی سلامتی کا بہت محدود خاکہ تھا، وہ چین کی مثال دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ چین نے سنہ 1949ء کے بعد سے ہی اندرونی قوت پر زور دیا اور اپنی زمینی سرحدوں کو مضبوط کرنا شروع کر دیا تھا، جسونت سنگھ نے بی بی سی سے کہا کہ چین پھر تبت کی طرف بڑھا اور سنکیانگ میں گیا جہاں پہنچنے کے لئے اسے راستے کی ضرورت تھی تو اس نے لداخ کو درمیان سے کاٹ دیا ۔۔۔ جبکہ ہمیں اس بات کا اندازہ ہی نہیں تھا کہ ہو کیا رہا ہے۔ اپنی کتاب میں انہوں نے لکھا ہے کہ برطانوی جب بھارت آئے تو انہوں نے شروع میں ہی اضافی فوجی طاقت کھڑی کر لی اور پھر اس کا استعمال اندرونی اور بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کیا جبکہ آزادی کے بعد بھارت ایسا کرنے میں ناکام رہا، جن چار حد لائنوں کی بات جسونت سنگھ کرتے ہیں ان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ان چار لائنوں کے دائرے میں پھنسے ہوئے ہیں اور میں کہتا ہوں کہ ہم پھنسے ہوئے ہیں اس لیے جاگو! ہم اس جکڑے ہوئے ماحول سے آزاد ہو سکتے ہیں اور ایسا کرنا ہی بھارت کے مفاد میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 316567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش