0
Friday 1 Nov 2013 18:35

جماعت الدعوۃ کے زیراہتمام ڈرون حملوں کیخلاف یوم احتجاج،امریکہ مردہ باد کے نعرے

جماعت الدعوۃ کے زیراہتمام ڈرون حملوں کیخلاف یوم احتجاج،امریکہ مردہ باد کے نعرے
اسلام ٹائمز۔ جماعۃالدعوۃ پاکستان کی اپیل پر قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کیخلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت اسلام آباد، پشاور، ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، فیصل آباد، رحیم یار خاں و دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں نکالی گئیں اور جلسوں، کانفرنسوں و اجتماعی خطبات جمعہ کا اہتمام کیا گیا۔ حافظ محمد سعید کی اپیل پر علماء کرام، آئمہ حضرات اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور عوام الناس کو نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے چوبرجی چوک میں کیا گیا جس میں طلباء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز ، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرپاکستانی حدود میں گھسنے والے ڈرون طیارے مار گرائے جائیں، امریکہ ڈرون حملوں کے خلاف جماعۃالدعوۃ کی مہم پر بوکھلا گیا، امریکی ڈرون طیارے فضا میں برستی موت ہیں،ڈرون حملوں سمیت امریکہ کی ہر بدمعاشی کیخلاف آوازبلند کریں گے اورڈرون حملوں کے مسئلہ پر 18کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کی جائے، جیسی تحریریں درج تھیں۔

احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، لاہور ہائی کورٹ بار حرمت رسول (ص) کمیٹی کے کنوینر جمیل احمد فیضی ایڈووکیٹ، واپڈا پیغام یونین کے چیئرمین ایس ڈی ثاقب ،امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی، قاری ثناء اللہ فاروقی و دیگر نے خطاب کیا۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ حکومت امریکہ سے صاف کہہ دے کہ وہ خطہ سے محفوظ انخلاء چاہتا ہے تو ڈرون حملے روک دے اور اگر اس کے باوجود ڈرون طیارے پاکستانی حدود میں گھستے ہیں تو انہیں گراد یاجائے گا۔ ڈرون حملوں کے بعد حکومت کا امریکہ سے اب کوئی معاہدہ باقی نہیں رہا۔ پہلے ڈرون حملہ کے بعد ہی امریکہ کے سٹریٹیجک پارٹنر ہونے کے تمام معاہدے ختم ہو گئے تھے۔ ان حملوں کے بعد نیٹو کا کوئی ٹرک پاکستان کی سڑکوں سے نہ گزرنے دیا جائے۔ صرف باتوں اور نعروں سے کچھ نہیں ہوتا۔ مرکزی حکومت ڈرون طیارے گرانے کا حکم دے اور نیٹو سپلائی بند کی جائے،اگر ڈرون طیارے نہ گرائے تو قوم میں مایوسیاں پھیلیں گی،ہم ان شاء اللہ پورے ملک میں زبردست تحریک چلائیں گے اور اس تحریک کو ملک کے کونے کونے میں منظم کیا جائے گا اور زبردست اتحاد قائم کر کے پاکستان کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ طالبان کے ساتھ حکومت پاکستان کے مذاکرات کو ناکام بناناچاہتا ہے اور پاکستان میں تخریب کاری،دہشت گردی کی لہر کو جاری رکھ کر انتقام کا نشانہ بنانا چاہتا ہے ۔انڈیا کے مقاصدپورے کرنے کے لئے امریکہ کردار ادا کر رہا ہے۔اوباما کے ڈرون حملے روکنے سے انکار کے بعد بھی اگر ڈرون نہیں گرائے جاتے تو یہ قومی سطح پر غفلت ہو گی۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کی اوبامہ سے ملاقات کے بعد میران شاہ میں (ظفر ٹاؤن) کی شہری آباد پر ڈرون حملہ پاکستان کیلئے بہت بڑا جنگی چیلنج ہے اور پاکستان کیلئے پیغام ہے کہ ہمارے نزدیک تمہاری باتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ امریکہ جماعتوں میں اختلافات چاہتا ہے ۔ حکومت اس مسئلہ پرسب کو اکٹھا کرے اور متحدہو کر مضبوط آواز بلند کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان میں ڈرون حملے کر کے قبائلیوں کو پاکستان میں خودکش حملوں کیلئے اکسا رہا ہے۔امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں چاہتی ہیں کہ ڈرون حملوں کے نتیجہ میں خودکش حملے ہوں اور پھر وہ تخریب کاری و دہشت گردی کا وسیع نیٹ ورک قائم کر سکیں۔ڈرون حملوں کے ذریعے امریکہ پاکستان سے اپنی شکست کا انتقام لینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم سے ڈرون حملوں کے خلاف بھرپور تحریک چلائی ۔انہیں اس بات کا سخت غصہ ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ کی طرف سے آج جماعۃالدعوۃ پر پابندیوں کی باتیں کی جارہی ہیں۔

جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ پارلیمنٹ میں ڈرون حملے گرانے کی متفقہ قرار داد پاس کی جائے اور حکومت اس پر عمل کرتے ہوئے ڈرون گرائے۔اگر امریکہ ڈرون حملوں سے باز نہیں آتا تو حکومت نیٹو سپلائی بند کرنے کا اعلان کرے۔سیاسی جماعتیں اس مسئلہ پر اپنی زبانیں گنگ کر کے قومی مفادات کا سودا نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈرون بزدلوں کا ہتھیار ہے ۔مقابلے میدانوں میں ہوتے ہیں۔ڈرون آپریٹر کا ضمیر جاگ گیا مگر پاکستانی حکمران ابھی تک سوئے ہوئے ہیں ۔انہیں کوئی پرواہ نہیں کہ ڈرون حملوں میں مرنے والے بچے پاکستانی ہیں ۔جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد نے کہاکہ انڈیا امریکہ کو استعمال کر رہا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ امریکہ کے خطہ سے نکلنے کے بعد وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ امریکہ بھی بیوقوف بن کر انڈیا کی زبان استعمال کر رہا ہے۔بھارت سرکار پاکستان میں نفرت کے بیج بونے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن اسے چھپنے کا موقع نہیں ملے گا۔لاہور ہائی کورٹ بار حرمت رسول(ص) کمیٹی کے کنوینر جمیل احمد فیضی ایڈووکیٹ، واپڈا پیغام یونین کے چیئرمین ایس ڈی ثاقب، امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی، قاری ثناء اللہ فاروقی و دیگرنے کہاکہ آج مسئلہ افغانستان نہیں پاکستان بن چکا ہے،دشمن کے سامنے سرنڈر نہیں کرنا بلکہ میدان میں کھڑ اہونا ہے،اگر افغانی بھی سرنڈر کرلیتے تو آج امریکہ کو افغانستان میں شکست نہ ہوتی ، اللہ تعالیٰ دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والوں کی مدد کرتا ہے، امریکہ کو پیغام دیا جائے کہ ہم ڈرون حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی مجبوریاں ہو سکتی ہیں ہماری کوئی مجبوری نہیں ، ڈنکے کی چوٹ پر ملک گیر سطح پر تحریک چلائیں اور بھرپور انداز میں بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 316572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش