0
Tuesday 26 Nov 2013 13:58

بگٹی قتل کیس، مشرف کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست مسترد

بگٹی قتل کیس، مشرف کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست مسترد

اسلام ٹائمز۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے آج بروز منگل کو سابق فوجی حکمران جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی بلوچ قوم پرست رہنما اکبر خان بگٹی کے قتل کے مقدمے میں حاضری سے استثنٰی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ کوئٹہ کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ پیش ہوئے۔ اس سے پہلے عدالت نے مشرف کی عدالت کی کارروائی کے دوران حاضری سے استثنٰی کی درخواست کو مسترد کردیا اور حکم دیا کہ انہیں اگلی سماعت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی، سابق ضلعی رابطہ آفیسر (ڈی سی او) عبد الصمد لاسی کو مفرور قرار دے دیا اور متعلقہ حکام کو آرڈر جاری کئے کہ ان کی املاک پر قبضہ کر لیا جائے۔ اس کیس کی سماعت چوبیس دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ بلوچ قوم پرست رہنما اکبر خان بگٹی کو مشرف کے حکم پر ایک فوجی کارروائی کے دوران ایک غار میں 26 اگست 2006ء کو ہلاک کیا گیا تھا، اس وقت مشرف ملک کے صدر اور فوج کے سربراہ تھے۔

ذرائع کے مطابق بگٹی اس وقت صوبائی خودمختاری اور بلوچستان کے قدرتی وسائل سے منافع کا ایک بڑا حصہ حاصل کرنے کے لیے مسلح جدوجہد کر رہے تھے۔ بلوچ سردار کی موت نے ملک میں غم و غصہ سے بھرے احتجاج کی ایک لہر دوڑا دی تھی۔ دوسری جانب اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی ججز نظربندی کیس میں آج کی پیشی پر استثنٰی کی درخواست منظور کرلی۔ مشرف کے وکیل نے مستقل حاضری سے استثنٰی کی درخواست بھی دائر کر دی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظربندی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت، پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش عدالت میں پیش ہوئے۔ پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے اپنے مؤکل کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنٰی کی درخواست دائر کی۔ الیاس صدیقی نے اپنے دلائل میں کہا کہ پرویز مشرف سکیورٹی خدشات کی بناء پر عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا عدالت مشرف کو حاضری سے مستقل استثنٰی دے۔

عدالت نے مشرف کی آج کی پیشی سے استثنٰی کی درخواست منظور کرلی لیکن مستقل حاضری سے استثنٰی کی درخواست پر سماعت چھ دسمبر تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد کی ہی ایک مقامی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید قتل کیس میں آج کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرلی۔ نو دسمبر کو مشرف کی حاضری سے مستقل استثنٰی کی درخواست پر بحث ہوگی۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت، پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش عدالت میں پیش ہوئے تاہم مشرف کے وکیل الیاس صدیقی کی عدم پیشی پر سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کر دیا گیا۔ وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو مشرف کے وکیل کی جانب سے استدعا پر عدالت نے سابق صدر کی آج کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کرلی۔ پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے عدالت میں مستقل حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے کہا کہ مشرف کی مستقل حاضری کی استثنٰی کی درخواست پر نو دسمبر کو بحث ہو گی۔

خبر کا کوڈ : 324767
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش