0
Friday 29 Nov 2013 19:25

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ڈرون حملوں کیخلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت امریکہ‘‘ منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ڈرون حملوں کیخلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت امریکہ‘‘ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت امریکہ‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے مک مکا کر کے اقتدار میں آنے والے ڈرون حملے نہیں رکوا سکتے۔ امریکی غلامی سے نکلنا ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف صلیبی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ حکمرانوں نے پاکستان کی خودمختاری وائٹ ہاؤس میں گروی رکھ دی ہے۔ ڈرون حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیّب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم میں ڈرون حملے بند کرانے کے وعدے کرنے والوں کو سانپ کیوں سونگھ کیا ہے۔ حکومت ڈرون حملوں کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔ امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ امریکہ انسانیت کا بدترین دشمن ہے۔ ڈرون حملے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ ڈرون حملے بند کروانے کے لیے قومی قیادت متحد ہو جائے۔ سنی اتحاد کونسل کے علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ محمد شریف رضوی نے بھکر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون اور خودکش حملے کرنے والے دونوں پاکستان کے دشمن ہیں۔ حکومت ڈرون حملوں پر قوم سے جھوٹ بول رہی ہے اور حکومتی پالیسی منافقت اور تضادات کا شکار ہیں۔ حکومت امریکہ کو ڈرون حملے بند نہ ہونے کی صورت میں ڈرونز گرانے کی وارننگ دے۔

مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممبران پارلیمنٹ ڈرون حملوں کے خلاف امریکی سفارتخانے کے سامنے دھرنا دیں۔ ڈرون حملوں کو خودکش حملوں کا جواز بنانا غلط ہے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے بند نہ ہونا حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔ ڈالر منظور اور ڈرونز نامنظور کی پالیسی منافقانہ ہے۔ حکومت پاکستان میں موجود ملکی و غیرملکی دہشت گردوں کے خلاف خود کارروائی کرے تاکہ امریکہ کو دہشت گردوں کی موجودگی کا بہانہ بنا کر بے گناہوں کو شہید کرنے کا موقع نہ ملے۔ یومِ مذمت امریکہ کے موقع پر خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، چھانگا مانگا میں علامہ ارشد مصطفائی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد، لاہور میں مفتی محمد کریم خان نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 325864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش