0
Monday 9 Dec 2013 19:36

ڈرون حملے پاک امریکہ تعلقات پر اثرانداز ہو رہے ہیں، نواز شریف

ڈرون حملے پاک امریکہ تعلقات پر اثرانداز ہو رہے ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے سیاسی اور عسکری قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، وزیراعظم نواز شریف نے ڈرون حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا، ان ملاقاتوں میں پاک امریکہ باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق بھی ہوا۔ سوموار کی صبح پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ڈرون حملے جاری رہنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان حملوں کو دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی وجہ قرار دیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور متحد افغانستان کا حامی ہے، افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ امریکی وزیر دفاع نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاک امریکہ اسٹریٹجک تعاون اہم ہے، باہمی تعلقات کی مضبوطی کیلئے مل کر کام کیا جائے گا۔ اس سے پہلے امریکی وزیر دفاع جب پاکستان پہنچے تو ایئر پورٹ سے جی ایچ کیو راولپنڈی گئے، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر دفاع سے ملاقات میں وزیراعظم نے ڈرون حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے پاک امریکہ تعلقات پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع آج صبح دو روزہ دورے پر پہنچے تو وزیر دفاع خواجہ آصف نے ان کا استقبال کیا، چک ہیگل نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نے ڈرون حملوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہ ڈرون حملوں سے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، امریکہ کے ساتھ دفاعی شعبے میں وسیع البنیاد اور طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور متحد افغانستان کا حامی ہے، اور افغان عوام اور قیادت پر مشتمل مصالحتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں، خطے میں سلامتی اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ توانائی، دفاع، سکیورٹی، ایٹمی عدم پھیلاوٴ اور خطرناک ہتھیاروں کے خاتمے کے حوالے سے پاک امریکہ گروپس کے اجلاس جلد منعقد ہوں گے۔ چک ہیگل نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی، فوجی تعلقات اور خطے میں استحکام سے متعلق امور زیر غور آئے، امریکی وزیر دفاع کی ملاقاتوں میں پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور نائب سیکریٹری دفاع بھی شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 328943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش