0
Tuesday 24 Dec 2013 22:45

کراچی، چہلم شہدائے کربلا (ع) کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر

کراچی، چہلم شہدائے کربلا (ع) کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں چہلم شہدائے کربلا (ع) کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ مرکزی جلوس بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں نشتر پارک سے برآمد ہوا، اس دوران علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی برآمد ہوتے رہے، جلوس میں علمائے کرام کے علاوہ خواتین، بچے اور مرد بھی بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔ نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مرکزی جلوس کے دوران نمازِ ظہرین کیلئے صفیں بچھائی جا رہی تھیں کہ سخت سکیورٹی کے باوجود ایم اے جناح روڈ پر واقع سی بریز پلازہ نزد مسجد و امام بارگاہ علی رضا کے قریب دھماکہ ہوا، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ بارودی مواد پھٹنے سے ہوا جو بجلی کے کٹے ہوئے کھمبے کے اندر نصب کیا گیا تھا۔ دھماکہ سے کچھ دیر بعد ہی چہلم شہدائے کربلا کے مرکزی جلوس نے وہاں سے گزرنا تھا۔ مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر مسجد و امام بارگاہ علی رضا پہنچا، جہاں جلوس کے شرکاء نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام نماز ظہرین ادا کی، نماز ظہرین کی امامت علامہ شاہد رضا کاشفی نے کی۔

آئی ایس او کے رہنما علی عابدی نے نماز ظہرین کے درمیان اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان و عالمِ اسلام میں موجود عالمی سامراج و استعمار امریکا اور اس کی ناجائز اولاد صیہونی اسرائیل کے نمک خوار ایجنٹوں کو چاہئے کہ وہ عاشقان و غلامان امام حسین علیہ السلام سنی شیعہ مسلمانوں کو موت کے خوف سے ڈرانے دھمکانے کی فضول کوششوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے امریکی غلامی چھوڑ کر عاشقان سید الشہداء امام حسین (ع) کے ہمقدم راہِ کربلا کے راہی ہو جائیں ورنہ دنیا و آخرت میں انہیں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ نماز ظہرین کے بعد شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے۔ جلوس کے شرکاء راستے بھر سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کرتے رہے، اس موقع پر لوگوں کی سہولت کے لئے جگہ جگہ پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں اور طبی کیمپ قائم کئے گئے تھے جبکہ کئی مقامات پر لنگر اور نذر و نیاز کی تقسیم کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ کراچی میں چہلم شہدائے کربلا موقع پر پولیس، رینجرز، سادہ لباس اہلکار، ٹریفک پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اضافی اہلکار فرائض انجام دے رہے تھے۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے جلوس کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 333967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش