0
Sunday 29 Dec 2013 12:53

کراچی، بلاول چورنگی کے اطراف تجاوزات کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کا اعلان

کراچی، بلاول چورنگی کے اطراف تجاوزات کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ میرے حلقہ انتخاب پی ایس 112 میں قائم بلاول چورنگی کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خلاف تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، رکن قومی اسمبلی اسد عمر، اراکین سندھ اسمبلی ثمر علی خان، حفیظ الدین، ڈاکٹر سیما ضیاء اور دیگر پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین کے ہمراہ آج بروز اتوار کو ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سیکورٹی کے نام پر عوامی پراپرٹی پر قبضہ کرنا اہلیان کلفٹن کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ، کئی سالوں سے پیپلز پارٹی کی قیادت نے بلاول چورنگی کے اطراف کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے اور جگہ جگہ دیوار قائم کرکے مین سڑکوں کو بند کر رکھا ہے جس سے علاقہ کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اس قسم کی ناجائز قبضے کی تحریک انصاف بھر پور مذمت کرتی ہے۔
 
خرم شیر زمان نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے پر کسی بھی قسم کے روڑے اٹکانے کی کوشش کی تو تحریک انصاف کے کارکنان اور اہلیانِ کلفٹن سندھ حکومت اور قبضہ مافیا کی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے اور حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔ ایم پی اے خرم شیر زمان نے پارٹی کارکنان، سول سوسائٹی اور اہلیان کراچی سے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ وہ عوامی حقوق کے لئے جاری عمران خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 335337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش