0
Sunday 29 Dec 2013 23:26

نام نہاد جمہوری دور حکومت میں سیاسی کارکنوں کے گھر اور جانیں غیر محفوظ ہیں، اختر جان مینگل

نام نہاد جمہوری دور حکومت میں سیاسی کارکنوں کے گھر اور جانیں غیر محفوظ ہیں، اختر جان مینگل

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی آرگنائزر سردار اختر جان مینگل، ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں گزشتہ رات خضدار میں بی ایس او کے مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبرعمران بلوچ کے گھر پر بزدلانہ حملے اور فائرنگ کرنے کی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے سے حکمران اور ان کے گماشتے ہرگز بلوچ قومی تحریک سے وابستہ فرزندوں کے پرعزم خیالات فکر و فلسفے کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے رونما ہونے سے یہ امر واضح ہوتا ہے کہ آج بھی موجودہ نام نہاد جمہوری دور حکومت میں سیاسی کارکنوں کے گھر اور جان غیر محفوظ ہیں اور حکمران خفیہ اداروں اور سکیورٹی فورسز کے سامنے بے بس ہیں۔ جس کے نتیجے میں آئے روز نہتے سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ، قتل و غارتگری، اغواء نما گرفتاریاں، سرچ آپریشن گذشتہ کئی عرصے سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہتے سیاسی کارکنوں کو محض اپنے قومی اور وطنی حقوق کی پاداش میں ظلم و جبر، دھونس دھمکیوں قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاکہ انہیں بزور طاقت راستے سے ہٹایا جا سکے لیکن یہ حکمرانوں کی خام خیالی ہے کہ وہ ایسی بزدلانہ اور بھونڈی حرکتوں سے بلوچ قومی تحریک سے وابستہ فرزندوں کو قومی تحریک سے دور رکھ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ سیاسی کارکنوں نے ہمیشہ استحصالی اور جابر قوتوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے قربانیوں سے دریغ نہیں کیا اور یہ عہد کیا کہ وہ ہر حالت میں اپنی قومی اور وطنی حقوق کی خاطر جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ریاستی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ان کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گذشتہ دور کے حکمرانوں کی پالیسیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں جو اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ آج بھی موجودہ حکمران سابقہ حکمرانوں کی پالیسیوں پر گامزن ہیں اور وہی پالیسیاں بدستور جاری ہیں۔ بزور طاقت بلوچ قومی سوال کو زائل اور کچلنے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی اپنے کارکنوں کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی اور جدوجہد سے دریغ نہیں کرے گی۔ ایسے واقعات کا تدارک نہیں کیا گیا تو ان کے نتائج سنگین ہونگے۔ جن کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں اور ان کے گماشتوں پر عائد ہو گی۔ بی این پی جیسی مضبوط طاقت کی موجودگی میں حکمران اور ان کے گماشتے ہرگز اپنے توسیع پسندانہ عزائم اور سازشوں میں کامیاب نہیں ہونگے۔

خبر کا کوڈ : 335480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش