0
Tuesday 10 Aug 2010 14:24

کراچی میں جس گھر سے فائرنگ ہو ملیامیٹ کر دیا جائے،جلد بڑا آپریشن ہو گا،رحمن ملک

کراچی میں جس گھر سے فائرنگ ہو ملیامیٹ کر دیا جائے،جلد بڑا آپریشن ہو گا،رحمن ملک
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں کا پتہ لگا لیا ہے،ان کے خلاف جلد بڑا آپریشن کیا جائیگا۔کراچی میں رینجرز کو ہدایت کر دی ہے کہ جس گھر سے فائرنگ ہو،اس گھر کو ملیا میٹ کر دیا جائے۔کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مدد سے بعض مقامات پر گرینڈ آپریشن کیا جائیگا۔گزشتہ 36 گھنٹوں میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا،شہریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ کوئی ٹارگٹ کلر نہیں بچے گا۔جب تک کراچی کے ایک ایک بچے سمیت ہر فرد کی حفاظت یقینی نہ ہو جائے،آرام سے نہیں بیٹھوں گا۔شہر میں ہر حوالے سے امن و امان قائم کیا جائیگا اور کسی کو من مانی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔دہشتگرد میری زبان کاٹنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو اور کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رحمن ملک نے کہا کہ 36 گھنٹوں میں کراچی میں جو ہلاکتیں ہوئی،وہ ذاتی اور خاندانی دشمنی کی بنا پر ہوئی ہیں۔اسلام آباد میں گزشتہ دنوں مارے جانے والے دہشتگرد ظہیر سے ملنے والے ڈیٹا سے پتہ چلایا گیا کہ اسلام آباد میں بڑی دہشتگردی کی کارروائی ہونے جا رہی تھی،جس کا ہدف پارلیمنٹ ہاﺅس تھا۔انہوں نے کہا کہ مارے جانے والے دہشتگرد سے راکٹ لانچر اور دیگر حساس آلات بھی برآمد ہوئے،ان کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا رہا ہے،اسلام آباد میں بریگیڈئر معین کو بھی انہی لوگوں نے قتل کیا،جبکہ ایک اور بریگیڈئر پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔کمانڈنٹ ایف سی صفوت غیور کے قتل کی تحقیقات آئی بی اور پولیس کر رہی ہیں۔واقعہ میں مدد دینے والوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔
دھمکیوں سے گھبرانے والا نہیں،ملک میں جہاں دہشت گرد ہونگے،وہیں میں ہونگا۔کراچی میں دہشت گردوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے،کسی کو من مانی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا،جس میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سستے بازاروں کی تعداد چار سے بڑھا کر چھ کر دی جائے،جہاں پر وافر مقدار میں ارزاں نرخوں پر چینی اور آٹا فراہم کیا جائے۔رمضان المبارک میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 33744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش