0
Sunday 5 Jan 2014 10:20

کشمیر، سرکریک اور سیاچن معاملات پر درپردہ مذاکرات جاری، سرتاج عزیز

کشمیر، سرکریک اور سیاچن معاملات پر درپردہ مذاکرات جاری، سرتاج عزیز
اسلام ٹائمز۔ کشمیر، سرکریک اور سیاچن کے مسائل پر نئی دہلی کے ساتھ درپردہ مذاکرات جاری ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے واضح کیا ہے کہ بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے بعد ہی ان معاملات پر کسی پیشرفت کی توقع کی جاسکتی ہے، سرتاج عزیز نے یہ بات دہرائی کہ تنازعہ کشمیر ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے اور ہندوستان و پاکستان کے مابین تعلقات کی بہتری کے لئے اس کا حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔ سرتاج عزیز نے وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورہ پاکستان کے امکان کو محدود قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ڈاکٹر سنگھ دورہ کرینگے تو انکا خیر مقدم کیا جائے گا، ریڈیو پاکستان کو دئے گئے ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر، سرکریک اور سیاچن مسائل پر بھارت کے ساتھ پس پردہ بات چیت جاری ہے، تاہم انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ان معاملات پر کسی قسم کی پیشرفت کی امید نہیں کی جاسکتی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی یہ دیرینہ خواہش رہی ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری لائے، سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اگرچہ تجارت، توانائی اور ویزا کے معاملات پر جامع مذاکراتی عمل کے تحت بھارت و پاکستان بات چیت معطل ہے لیکن اس کے باوجود کچھ گروپ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب جبکہ بھارت میں عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں، لائن آف کنٹرول پر قیام امن اور بات چیت کا سلسلہ جاری ر کھنے کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات میں کسی قسم کی کشیدگی پیدا نہ ہو، تنازعہ کشمیر کے بارے میں پوچھے جانے پر سرتاج عزیز نے حکومت پاکستان کا یہ موقف دہرایا کہ یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے اور اس کا حل ہند پاک تعلقات کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر، سرکریک اور سیاچن پر درپردہ بات چیت جاری ہے لیکن پیشرفت کی امید صرف بھارت میں انتخابات کے بعد ہی کی جاسکتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اب اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان قیام امن ضروری ہے جبکہ کچھ ممالک تنازعہ کشمیر میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ حالانکہ ان کے دورے کے بہت کم امکانات ہے لیکن اگر وہ چاہیں تو اگلے چند ہفتوں میں اسلام آباد کا دورہ کرسکتے ہیں، ہم یقینا ان کا خیر مقدم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 337632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش