0
Friday 10 Jan 2014 17:16

کراچی میں مزار پر 6 افراد کا قتل، سنی اتحاد کونسل نے یوم احتجاج منایا

کراچی میں مزار پر 6 افراد کا قتل، سنی اتحاد کونسل نے یوم احتجاج منایا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر کراچی میں درگاہ حضرت ایّوب شاہ پر چھ افراد کے قتل کے خلاف ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں روحانی درگاہ پر حملے کے خلاف تقریریں کی گئیں اور مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ اس سلسلہ میں مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ یومِ احتجاج کے موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزاراتِ اولیاء پر حملے ناقابل برداشت ہیں، حکومت روحانی مراکز کا تحفظ یقینی بنائے، صوفیاء کے درباروں پر حاضری دینے والوں کا قتل جہاد نہیں فساد ہے۔ اہل حق اپنی جانوں پر کھیل کر مزاراتِ اولیاء کا تحفظ کریں گے۔ درباروں پر حملے کرنے والے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کراچی کے بعد مردان میں درگاہ غازی بابا پر دو افراد کا قتل حکمرانوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ ایوب شاہ غازی کے مجاوروں کا قتل حکومت کی ناکامی ہے۔ حکمران مصلحتیں چھوڑ کر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں۔ بزدلانہ کارروائیاں کر کے روحانی مراکز کی رونقیں کم نہیں کی جا سکتیں۔ مزاراتِ اولیاء کو نشانہ بنانے والوں سے مذاکرات قبول نہیں۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزاراتِ اولیاء پر حملوں میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں۔ حکومت درگاہ ایّوب شاہ غازی کے مجاوروں کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔ مزاراتِ اولیاء دکھی انسانوں کی پناہ گاہ ہیں۔ ایسے مراکز پر حملے سفاکیت کی بدترین مثال ہیں۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے صدر پیر سیّد محمد اقبال شاہ نے بوریوالہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مزاراتِ اولیاء کا تحفظ نہ کیا تو ہم تحفظِ مزارات فورس بنانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ مزاراتِ اولیاء پر حملے کون سی شریعت ہیں، کراچی کی روحانی درگاہ پر چھ افراد کا قتل حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔

سنی اتحاد کونسل علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ محمد شریف رضوی نے بھکر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزاراتِ اولیاء کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اولیاء کے مزارات پر حاضری دینے والوں کو قتل کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن اور جہنمی ہیں۔ یومِ احتجاج کے موقع پر فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صاحبزادہ حمید الدین رضوی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں علامہ فضل جمیل، پیرمحل میں مولانا نعیم الدین رضوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی نے احتجاجی اجتماعات سے خطاب کیا اور مظاہروں کی قیادت کی۔
خبر کا کوڈ : 339675
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش