0
Thursday 16 Jan 2014 16:35
ملک میں قیام امن کیلئے قاتلوں اور دہشتگردوں کو سرعام پھانسی دی جائے

شہید اعتزاز حسن نے ریاستی اداروں کو پیغام دیا کہ وہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں، علامہ عارف واحدی

شہید اعتزاز حسن نے ریاستی اداروں کو پیغام دیا کہ وہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے قبل اس ملک کے جمہوری نظام پر شب خون مارنے والے تمام آمروں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کے ساتھ آئین توڑنے کے جرم میں شریک لوگوں کو بھی غداری کیس میں شامل کیا جائے۔ صرف ایک شخص کا محاسبہ درست نہیں، پوری ٹیم کو عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کیس میں شامل کرنا چاہیے۔ عشرہ رحمت (ص) منانے پر سچ ٹی وی کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ٹیکسلا میں سچ نیوز و اسلام ٹائمز کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

علامہ واحدی کا کہنا تھا کہ شہید اعتزاز حسن اور چوہدری اسلم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے شہید اعتزاز حسن نے پوری ملت کو ایک پیغام دیا کہ جو شخص بھی وطن اور اس ملک کے ساتھ محبت رکھتا ہے، اسے یہ ہی کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ ایک معصوم بچہ تو سمجھتا ہے کہ دہشت گرد کو میں نے روکنا ہے، تاکہ معصوم بچوں کی جانیں بچائی جاسکیں، لیکن جن کی ذمہ دار ی ہے کہ وہ اس دہشت گردی کا قلع قمع کریں، سکیورٹی اور ریاستی ادارے، وہ یہ ذمہ داری ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہمارے ریاستی ادارے آگاہ ہیں کہ یہ دہشت گرد کہاں پلتے ہیں، ان کی فنڈنگ کہاں سے ہوتی ہے۔ شہید اعتزاز حسن نے ریاستی اداروں کو پیغام دیا ہے کہ وہ اس دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ قابل افسوس امر ہے کہ شہید اعتزاز حسن اور چوہدری اسلم کے قاتلوں کے خلاف کسی قسم کا آپریش کرنے سے حکومت گریزاں ہے۔

سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں جرم کے بعد سزا کا عمل رک جائے، اس ملک اور معاشرہ میں کبھی امن و امان قائم نہیں ہوسکتا۔ سزائے موت ایک قرآنی حکم ہے، جسے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں معطل کیا گیا ہے۔ اگر ہم اس ملک میں صحیح معنوں میں امن کا قیام چاہتے ہیں تو قاتلوں اور دہشت گردوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ سچ ٹی وی نے رحمت العالمین (ص) کی ذات اقدس کے حوالہ سے عشرہ رحمت کا انعقاد کیا، جو نہایت قابل تحسین ہے۔ سچ ٹی وی کے چیئرمین، انتظامیہ اور خبرنگار عشرہ رحمت کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ چونکہ نبی اکرم (ص) کی ذات مرکز وحدت ہے۔ اگر تمام مسلمان پیغمر اسلام (ص) کی ذات کو لیکر آگے چلیں تو اس ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 341719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش