0
Thursday 16 Jan 2014 18:43

غداری کیس، پرویز مشرف کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

غداری کیس، پرویز مشرف کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا، عدالت نے میڈیکل بورڈ کو چوبیس جنوری تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے غداری کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر کے آج بھی عدالت پیش نہ ہونے پر خصوصی عدالت نے فیصلہ محفوط کر لیا، خصوصی عدالت نے تین سوالات کے جوابات بھی میڈیکل بورڈ سے طلب کر لئے ہیں۔ پہلے سوال میں کہا گیا ہے کہ کیا پرویزمشرف کی حالت واقعی تشویشناک ہے، کہیں وہ عدالتی کارروائی سے راہ فرار تو اختیار نہیں کر رہے۔ عدالت نے دوسرے سوال میں پوچھا ہے کہ کیا کبھی پہلے بھی سرجری ہوئی یا ہونی ہے۔ پرویز مشرف کتنے علیل ہیں اور وہ کب تک زیر علاج رہیں گے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ملزم کو چھ بار تنبیہ کی لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست کی سماعت ہو رہی ہے ایک ہی کیس کی دو فورم پر سماعت نہیں ہو سکتی۔ اکرم شیخ نے مشرف کی حاضری سے متعلق دس جنوری کا فیصلہ بھی پڑھ کر سنایا۔

مشرف کے وکیل ابراہیم ستی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ان کے مؤکل کو تین نومبر کے اقدام کا مرتکب قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ تبدیل کردیا تو ساری کارروائی بے سود ہوگی۔ درخواستوں کا فیصلہ آنے تک کارروائی ایک ہفتے تک ملتوی کی جائے۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز اور سرکاری وکیل اکرم شیخ میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ رانا اعجاز نے کہا کہ میڈیا پر سب سے زیادہ اکرم شیخ ہی آتے ہیں۔ جانتے ہیں کہ ان سے کیسے نمٹنا ہے۔ یہ ایک جنرل کو غدار کہہ رہے ہیں جبکہ خود بیرسٹر بھی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 341764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش