0
Friday 31 Jan 2014 17:21

ساجد علی ثمر کی جے ایس او کی مرکزی مجلس نطارت کے سیکرٹری الطاف عباس کاظمی سے ملاقات

ساجد علی ثمر کی جے ایس او کی مرکزی مجلس نطارت کے سیکرٹری الطاف عباس کاظمی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی مجلس نظارت کے سیکرٹری سید الطاف عباس کاظمی کا کہنا ہے کہ جے ایس او پاکستان ملک کی واحد تنظیم ہے جو اس وقت حقیقی طور پر ولی فقیہ کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے اور ایک مرکز سے متصل ہے۔ آپ جوان نمائندہ ولی فقیہ کے بازو ہیں۔ ملک و قوم کی نظریں آپ پر ہیں۔ آپ اس ملک کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ کل کو آپ نے اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ آپ کو چاہیے کہ اپنے آپ کو علم کے میدان میں مزید آگے لائیں اور ہر ڈویژن میں بورڈ ٹاپ کرنے والا لڑکا جے ایس او کا ممبر ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر ساجد علی ثمر کیساتھ ہونیوالی ایک ملاقات میں کیا۔ چار گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر ساجد علی ثمر نے سیکرٹری نظارت کو تنظیمی صورت حال سے آگاہ کیا اور تعلیم کے میدان میں تنظیم نے جو کام سرانجام دیئے ان کے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی۔ 

سیکرٹری نظارت نے جے ایس او پاکستان کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جے ایس او پاکستان صحیح راستے پر گامزن ہے۔ آپ شیعہ علماء کونسل کا اسٹوڈنٹ ونگ ہیں، پاکستان میں طلباء کے لیے کام کریں۔ سیکرٹری نظارت کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن میں جے ایس او پاکستان کی طرف سے ایجوکیشنل کانفرنس کا انعقاد کرنا ایک اچھا اقدام ہے۔ مجھے امید ہے کہ تمام ڈویژنز اسی طرح ایجوکیشن کے لیے متحرک ہوں گے۔ ملاقات میں جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے سینئر نائب صدر کے دورہ کشمیر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ جس پر سیکرٹری نظارت نے اس کی حمایت کی اور کہا کہ ایسے دورہ جات کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ حیات ہے۔ وہاں کام کریں اور جے ایس او پاکستان کو فعال بنائیں۔ ملاقات کے دوران جے ایس او پاکستان کے سابق سیکرٹری تعلیم محمد زواد رضا جعفری بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 347020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش