0
Sunday 2 Feb 2014 21:16

طالبان حکومت کے ساتھ امن بات چیت کیلئے اپنے نمائندوں کا چناؤ خود کریں، عمران خان

طالبان حکومت کے ساتھ امن بات چیت کیلئے اپنے نمائندوں کا چناؤ خود کریں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ امن بات چیت کے لیے اپنے نمائندوں کا چناؤ خود کریں۔ گذشتہ روز ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ کالعدم پاکستان تحریک طالبان نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کیلئے مذہبی اور سیاسی رہنماؤں سمیت پانچ افراد کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ ان ناموں میں عمران خان کے علاوہ مولانا سمیع الحق، لال مسجد اسلام آباد کے سابق خطیب، مولانا عبدالعزیز، جماعتِ اسلامی کے پروفیسر محمد ابراہیم اور مانسہرہ سے جمیعت علمائے اسلام ( جے یو آئی ایف) کے سابق رکن اسمبلی مفتی کفایت اللہ کے نام شامل ہیں۔ عمران خان نے ہفتہ کو جاری ایک بیان میں چار رکنی حکومتی مذاکراتی کمیٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ مذکراتی عمل کو آگے لے جانے میں پی ٹی آئی کے کردار پر وہ پیر کو پارٹی اجلاس طلب کریں گے۔

پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ طالبان نے اپنی مذاکراتی ٹیم میں عمران خان کو شامل کرنے کے لیے پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔ دیگر ذرائع کے مطابق عمران خان نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان مذاکرات کے لیے اپنے نمائندے منتخب کریں انہیں حکومتی کمیٹی پر مکمل اعتماد ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو بلا لیا ہے جس میں مذاکراتی عمل پر مشاورت کی جائے گی اور کور کمیٹی جائزہ لے گی کہ مذاکراتی عمل میں کس طرح معاونت کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 347751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش