0
Monday 10 Feb 2014 00:27

امن کی بھیک مانگنے سے امن نہیں بلکہ ذلت، غلامی اور ٹھوکریں نصیب ہوتی ہیں، سید محمد رضا

امن کی بھیک مانگنے سے امن نہیں بلکہ ذلت، غلامی اور ٹھوکریں نصیب ہوتی ہیں، سید محمد رضا

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان کے مطابق رُکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا نے حکومت کا طالبان کے ساتھ مذاکرات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روئے زمین پر کمزوری نہیں، بلکہ طاقت ہی امن کی ضامن ہوتی ہے۔ دہشت گردوں کے سامنے گڑگڑاتے ہوئے امن کی بھیک مانگنے سے امن نہیں بلکہ ذلت، غلامی اور ٹھوکریں نصیب ہوتی ہیں۔ اس دنیا میں ظالم کے سامنے ضعیفی کا اظہار موت کے سوا کچھ نہیں۔ اللہ تعالٰی حق وصداقت پر استقامت کا مظاہرہ کرنے والے بہادروں کو ہی امن جیسی نعمت نوازتا ہے۔ کمزور قدموں اور تھکے ہوئے بازوؤں کے ساتھ وطن عزیز پاکستان کی آئین کے مخالف ملک دشمن دہشت گردوں کے سامنے امن کی درخواست کرنے سے ملک دشمن عناصرکے نا جائز مطالبات پر سمجھوتہ کرنا آٹھ لاکھ فوج اور اٹھارہ کروڑ عوام کو مٹھی بھر دہشت گردوں کے سامنے شرمندہ کرنے اور جھکانے کے مترادف ہے۔ مٹھی بھر دہشت گردوں کے دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے خوف کا شکار وفاقی حکومت نے طالبان ظالمان کے ساتھ مذاکرت سے کنفیوژن کا شکار کردیا ہے۔ طالبان کا کوئی سیاسی نظریہ نہیں۔ ایک فرقہ کی نمائندگی کرنے والے طالبان کے پاس صرف ہتھیار، انتہاپسندی، بے گناہ انسانوں کو ذبح کرنا، خودکُش حملے کرنا، ملک بھر میں دھماکے کرنے کے سواء کچھ نہیں۔

تعلیم دشمن اور خواتین دشمن طالبان کے پاس ملکی اور انسانی ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ طالبان اپنی محدود، تنگ نظر اور متعصب سوچ پر مبنی نظام کو شریعت کا نام دے کر پاکستان کے اکثریتی اسلامی فرقوں پر زبردستی مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ چونکہ طالبان پاکستان کی آئین کے تحت مذاکرت کو پہلے ہی مسترد کرچکی ہے، اس لئے بہت جلد حکومت اور طالبان کے مذاکرات کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ بالاخر پاک فوج کو طالبان کے خلاف آپریشن کرنا پڑے گا۔ لیکن اس وقت تک طالبان کے حامی سیاسی ومذہبی جماعتیں رائے عامہ کو حکومت اور فوج کے خلاف کرچکی ہوں گی اور مذاکرات کی ناکامی کے تمام تر الزام حکومت اور فوج پرعائد کرکے فوج کو عوام کے سامنے بدنام کردیا جائے گا۔ لہٰذا بہتر یہی ہے کہ ابھی سے ہی حکومت اس نام نہاد مذاکرات سے دستبردار ہوجائے اور فوج کو دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر، انسان دشمن طالبان کے خلاف بھرپور آپریشن کا حکم دے دینا چاہیئے۔

خبر کا کوڈ : 350017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش