0
Thursday 26 Aug 2010 14:49

صوبائی حکومتیں بند توڑنے کی تحقیقات کرائیں،الطاف حسین کے بیان سے فوج کے وقار کو نقصان پہنچا،وزیراعظم گیلانی

صوبائی حکومتیں بند توڑنے کی تحقیقات کرائیں،الطاف حسین کے بیان سے فوج کے وقار کو نقصان پہنچا،وزیراعظم گیلانی
حیدرآباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بند توڑنے کی تحقیقات کرائیں،جہاں جاتا ہوں وہاں بند توڑنے کی شکایات ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان سے فوج کے وقار کو نقصان پہنچا ہے،حکومت اور بیوروکریسی تنہا کچھ نہیں کر سکتی،مسائل کے حل کیلئے حکومت،تمام سیاسی جماعتوں،بیوروکریسی اور مخیر حضرات کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے میاں نوازشریف کی تجویز مسترد نہیں کی،صوبوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا،تاہم کونسل ضرور تشکیل دیا جائیگا، کونسل کیلئے صوبوں کی نامزدگیوں کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نے سیلاب کے فورا بعد غیر ملکی امداد کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنیکی کوشش کی،تاہم ہم پاکستان کی امداد کسی صورت نہیں روکنے دیں گے،پاکستان کو عالمی اعتماد کیلئے کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
یہ بات وزیراعظم گیلانی نے بدھ کو حیدرآباد کے مختصر دورے کے موقع پر محکمہ آبپاشی کے کنٹرول روم میں کوٹری بیراج کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ اور بعد ازاں اسلام آباد روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر صحافیوں اور عوامی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم گیلانی،وفاقی وزراء سید نوید قمر،راجہ پرویز اشرف،قمر زمان کائرہ،قومی اسمبلی کی اسپیکر ڈاکٹرفہمیدہ مرزا،رکن قومی اسمبلی عبدالغنی تالپور کے ہمراہ حیدرآباد ائیرپورٹ پہنچے۔جہاں وفاقی وزیر مملکت شگفتہ جمانی،صوبائی وزراء ڈاکٹر ذوالفقار مرزا،زبیر احمد خان،زاہد علی بھرگڑی،سید علی نواز شاہ رضوی، حق پرست رکن اسمبلی صلاح الدین اور چیف سیکریٹری سندھ فضل الرحمان نے ان کا خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم ہیلی کاپٹر کے ذریعے جامشورو المنظر کے مقام پر واقع محکمہ آبپاشی کے کنٹرول روم پہنچے اور چیف سیکریٹری سندھ فضل الرحمان نے سیلاب کی تباہ کاریوں اور انتظامات سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ضلع جامشورو سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالغنی تالپور کی جانب سے ضلع جامشورو کے مسائل کی نشاندہی پر وزیراعظم نے ضلع جامشورو کے سیلاب زدگان کیلئے 2 کروڑ روپے عبوری امداد اور اشیاء خورد و نوش سے بھرے ہوئے 10 ٹرک دینے کابھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے سابقہ حیدرآباد ڈویژن کے سیلاب زدگان کی عبوری امداد کیلئے علیحدہ 5 کروڑ روپے کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو پوری دنیا سے امداد مل رہی ہے، پورا میڈیا اور پاکستانی عوام سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں،متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے وفاقی حکومت،حکومت سندھ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی،متاثرین سیلاب کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ملک بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ 
ایک موقع پر وزیراعظم نے بریفنگ کے دوران ضلع حکام کو ہدایت کی کہ آپ اپنے اعداد و شمار کو درست کریں۔بریفنگ کے دوران رکن قومی اسمبلی عبدالغنی تالپور نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پانچ لاکھ سے زائد افراد کیمپوں کے بغیر سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں،لہذا ان کی آباد کاری کے ساتھ ساتھ انہیں فوری طور پر کیمپوں میں منتقل کرنے کے انتظامات کرائے جائیں۔جبکہ نواب عبدالغنی تالپور نے وزیراعظم کو بتایا کہ ضلع جامشورو میں تقریباً ایک لاکھ افراد،ایک سو سے زائد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 45ہزار ایکٹر زمینیں زیر آب آگئیں ہیں،انہوں نے کہا کہ ضلع جامشورو کی تحصیل مانجھند کے کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 35402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش