0
Monday 24 Feb 2014 19:12
طالبان عہدِ حاضر کے خوارج ہیں

سنی اتحاد کونسل کا طالبانائزیشن کیخلاف ’’تحفظ پاکستان مہم‘‘ چلانے کا اعلان

سنی اتحاد کونسل کا طالبانائزیشن کیخلاف ’’تحفظ پاکستان مہم‘‘ چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل طالبانائزیشن کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ’’تحفظِ پاکستان مہم‘‘ چلائے گی۔ اس مہم کے دوران پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ’’امریکہ نہ طالبان۔۔۔ پاکستان پاکستان‘‘ ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ اہل حق تحفظِ پاکستان کے لیے سکیورٹی اداروں کی تائید و حمایت جاری رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ شہداء کے لواحقین اور دہشت گردی کے متاثرین کو متحد کریں گے۔ حکومت شہداء کے ورثاء کے لیے قومی فنڈ قائم کرے۔ کوہاٹ میں ریموٹ بم دھماکہ قابل مذمت ہے۔ طالبان مکتی باہنی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ طالبان عہدِ حاضر کے خوارج ہیں جو اپنے سوا ہر کسی کو کافر اور واجب القتل سمجھتے ہیں۔ آئین کے باغیوں کی سرکوبی کے بغیر پاکستان بچ نہیں سکتا۔ شریعت کی بات کرنے والے طالبان پہلے اپنے اوپر شریعت نافذ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان دشمن طاقتیں گریٹر بلوچستان کی سازش لڑا رہی ہیں۔ بلوچستان کے مظلوم لوگ پاکستان سے نہیں ظالم سرداروں سے نجات چاہتے ہیں۔ بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنے کے لیے عالمی قوتیں سرگرم عمل ہیں۔ بلوچ مزاحمت کاروں سے مذاکرات کے لیے بھی کمیٹی قائم کی جائے۔ قوم بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی اجازت نہیں دے گی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی۔ طالبان جبر اور ہم صبر والے ہیں۔ طالبان ظالمان اور اہل حق عاشقانِ پاکستان ہیں۔ قوم تشدد اور فساد کے علمبرداروں سے شدید نفرت کرتی ہے۔ اپنے فہم، وہم اور گمان کو شریعت سمجھنے والے گمراہ ہیں۔ دہشت گردی خوفناک حدوں کو چھو رہی ہے اس لیے پورے پاکستان میں ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کو دشمن قرار دینے والے غدارانِ پاکستان ہیں۔ پوری قوم خوف اور خدشے کا شکار ہے۔ ہر قسم کی عسکریت پسندی کا خاتمہ ضروری ہے۔ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کے معاشی، معاشرتی، سماجی اور اقتصادی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کا ہیڈکوارٹر افغانستان منتقل ہو چکا ہے۔ اس لیے پاکستانی طالبان اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہیں۔ ان کی ڈوریاں باہر سے ہلائی جاتی ہیں۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کو افغانستان میں امریکی پناہ حاصل ہے۔ افغان حکومت پاکستان کو مطلوب دہشت گرد پاکستان کے حوالے کرے۔
خبر کا کوڈ : 355044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش