0
Thursday 27 Feb 2014 17:22
سعودی عرب کو ہمارے ہتھیاروں کی ضرورت نہیں۔

وزیرستان میں فضائی کارروائیوں نے اپنا اثر دکھایا ہے، سرتاج عزیز

وزیرستان میں فضائی کارروائیوں نے اپنا اثر دکھایا ہے، سرتاج عزیز
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب دنیا بھر سے ہتھیار خرید رہا ہے اور میرا نہیں خیال کہ وہ ہمارے ہتھیار خریدیں گے کیونکہ ہمارے ہتھیار اتنے اچھے نہیں ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیرستان ایجنسی میں طالبان کے خلاف فضائی کارروائیاں اب تک بہت موثر ثابت ہوئی ہیں۔ سرتاج عزیز نے یہ بات بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات زیادہ مفید ثابت نہیں ہوئے۔ تاہم ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کافی موثر رہی ہے۔ سرتاج عزیز نے ایک بار پھر سعودی عرب کی جانب سے شام کے باغیوں کے لئے پاکستانی ہتھیار دیے جانے کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ شام کے باغیوں کو ہتھیار دینے والی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب دنیا بھر سے ہتھیار خرید رہا ہے، تو ایسی حالت میں انہیں ہمارے ہتھیاروں کی ضرورت نہیں ہوگی، اور میں نہیں سمجھتا کہ وہ ہمارے ہتھیار خریدیں گے کیونکہ ہمارے ہتھیار اتنے اچھے نہیں ہیں۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سرتاج عزیز نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں دفاعی اور خارجہ پالیسی کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ منگل کی شام بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق آرمی چیف اور وزیر اعظم نے دفاع اور قومی سلامتی کے امور پر بات چیت کی۔ اس ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام اور ڈی جی ملٹری آپریشنز عامر ریاض بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 356154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش