اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر حملے میں ملوث 2 دہشتگردوں کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پیر کو ناظم آباد کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے 2 ٹارگٹ کلرز کی فارنزک رپورٹ سے پتا چلا کہ دونوں دہشتگرد ایکسپریس نیوز کے دفتر اور پولیس اہلکاروں پر حملوں سمیت متعدد سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگردوں نے گزشتہ سال 16 دسمبر کو ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملہ کرکے چینل کے 2 کارکنان کو زخمی کیا جبکہ رواں سال 2 جنوری کو ایکسپریس نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملے میں بھی دونوں دہشتگرد ملوث تھے۔ جاوید اوڈھو کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کا پہلے ایک سیاسی جماعت سے تعلق تھا تاہم پھر انہوں نے ایک کالعدم تنظیم سے وابستگی اختیار کرلی تھی اور ان کیلئے ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیاں کرتے تھے۔