0
Sunday 9 Mar 2014 01:02

اسکردو، آل پارٹیز کی گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف پریس کانفرنس، پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

اسکردو، آل پارٹیز کی گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف پریس کانفرنس، پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
رپورٹ: میثم بلتی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ڈویژنل سیکرٹریٹ میں گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف آل پارٹیز پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آل پاکستان مسلم لیگ، پاکستان مسلم لیگ قاف، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف، گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ، تحفظ حقوق بلتستان، ماونٹین یوتھ، مرکز اہل حدیث، جماعت اہل سنت، صوفیہ امامیہ نوربخشیہ، صوفیہ نوربخشیہ، بلتستان اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے شرکت کی۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وقت پورے گلگت بلتستان میں حکومت کی جانب سے گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف تحریک چل رہی ہے۔ گلگت کی طرح بلتستان بھر کی تمام سیاسی و مذہبی پارٹیاں گندم سبسڈی کے خاتمے کے شرمناک عمل کی بھرپور مذمت کرتی ہیں اور ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کو کوئی اختیار نہیں کہ جب تک اس خطے کی آئینی حیثیت کا تعین نہ کرے، گندم اور پیٹرولیم پر دی جانے والی سبسڈی میں اضافہ کریں۔ ہمیں اتنے عرصے تک سرزمین بے آئین رکھنے کے باوجود ابھی سبسڈی جو ہمارا بنیادی قانونی حق ہے کو کسی طور پر ختم کرنے نہیں دیں گے۔ کیونکہ سبسڈی کا حق پوری دنیا میں متنازعہ علاقوں کے باشندوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حاصل ہے۔ اگر وفاق سبسڈی ختم کرنا چاہتا ہے تو وہ پہلے ہماری آئینی حیثیت کا تعین کرے اور ہماری صوبائی حکومت کو خود مختاری دیکر ہمیں آئینی طور پر پاکستان میں شامل کرکے پانچواں صوبہ بنائے اور ساٹھ ارب روپے جو صوبائی حکومت سے وفاق وصول کر رہا ہے وہ اس خطے پر صرف کئے جائیں۔

ہمارے حقوق جب تک نہیں دیئے جائیں گے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس سلسلے میں ہم ہڑتال و احتجاج یا کوئی بھی سخت اقدام جاری رکھنے کے تمام حقوق محفوظ رکھتے ہیں۔ اگر صوبائی حکومت کو خود مختار بناتے ہوئے گلگت بلتستان کو فری ٹریڈ زون بنا دے تو ہمیں کسی قسم کی سبسڈی کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس سلسلے میں ہمارے بارڈر کھول دیئے جائیں، تاکہ ہم ہمسایہ ممالک سے فری ٹریڈ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان دیامر حدود کے تنازعے میں تمام سیاسی پارٹیاں اس بات پر متفق ہیں کہ جغرافیائی لحاظ سے وہ حدود گلگت بلتستان کی ہے، ہم کسی طور پر اسے کوہستان کا حصہ نہیں رہنے دیں گے۔ اس مسئلے پر جوڈیشل کمیشن بٹھایا جائے، تاکہ اس مسئلے کا پرامن حل تلاش ہو اور قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ آل پارٹیز نے آخر میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف دس مارچ بروز پیر کو پورے بلتستان میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی، جس میں تمام مکتبہ فکر کے لوگ شرکت کریں گے اور وفاق کی طرف سے گلگت بلتستان کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 359608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش