0
Sunday 23 Mar 2014 21:12

بھارت اب کسی بھی طور کشمیریوں کے لئے محفوظ جگہ نہیں رہی ہے، سید علی گیلانی

بھارت اب کسی بھی طور کشمیریوں کے لئے محفوظ جگہ نہیں رہی ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سید علی شاہ گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق نے راجستھان میواڑ چتورگڑھ یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلاب پر حملہ کرنے کی کارروائی پر اپنی گہری تشویش ظاہر کی، حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور دوسرے سارک ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری نوجوانوں کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ کورسز کی تکمیل کے لیے انسانی بنیادوں پر اپنے اپنے ممالک کے تعلیمی اداروں میں داخلہ دیں اور ان کی زندگیاں بچانے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب کسی بھی طور کشمیریوں کے لئے محفوظ جگہ نہیں رہی ہے اور انہیں یہاں ہر جگہ شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کی زندگیاں اور عزت یہاں زبردست خطرات سے دوچار ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت میں جنونی قسم کی فرقہ پرستی بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کے باعث یہاں عدمِ برداشت اور متشددانہ ذہنیت پنپنے لگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک بڑی جمہوریہ اور سیکولرازم کا دعویٰ جتنے زوروشور کے ساتھ کررہا ہے، اتنا ہی یہ انسانی اور اخلاقی قدروں کے حوالے سے کھوکھلا ہورہا ہے اور یہاں کا سماج مجموعی طور ذہنی امراض کا شکار ہورہا ہے۔

علی گیلانی نے کہا کہ بھارت سے بھی بہت سارے بچے جموں کشمیر میں زیرِ تعلیم ہیں اور انہوں نے یہاں مختلف کورسز کے لئے کئی اداروں میں داخلہ لیا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں مزدور پیشہ لوگ بھی یہاں معاش کمانے کے لئے آتے ہیں، البتہ کشمیری عوام ان کا مذہب اور عقیدہ جانے بغیر ان کے ساتھ برادرانہ سلوک روا رکھتے ہیں اور آج تک کبھی بھی ان کو شکایت کا موقعہ نہیں دیا گیا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے مابین کرکٹ میچ کے وقت وہ بھی اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کرتے ہیں، البتہ کشمیر میں اس کے لئے ان پر کبھی حملہ ہوا ہے اور نہ انہیں کسی قسم کی گزند پہنچائی گئی ہے۔ اس کے برعکس بھارت میں جو کچھ کشمیریوں کے ساتھ ہورہا ہے وہ اس بڑے ملک کے چھوٹے پن کا ایک کھلا ہوا اظہار ہے۔ ادھر میرواعظ عمر فاروق نے میوار چتور گڑھ راجستھان کی یورنیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلباء پر مقامی طلباء کی جانب سے جان لیوا حملے اور اس ضمن میں مقامی انتظامیہ کی غفلت شعاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز کے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیری چاہے وہ طلباء ہوں یا تاجر بھارت کے کسی بھی شہر میں خود کو محفوظ تصور نہیں کرتے۔
خبر کا کوڈ : 364972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش