0
Friday 11 Apr 2014 18:56

بلاول بھٹو زرداری کے دہشتگردوں کیخلاف بیانات ہاتھی کے دانت لگتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی

بلاول بھٹو زرداری کے دہشتگردوں کیخلاف بیانات ہاتھی کے دانت لگتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے کراچی میں گذشتہ دو دن میں 5 بےگناہ شیعہ وکلاء، ڈاکٹرز، تاجروں اور شہریوں کے بہیمانہ قتل عام پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے قائد بلاول بھٹو کے نعروں کی لاج رکھنے میں ناکام نظر آتی ہے، کراچی شہر خونی منظر پیش کر رہا ہے، پولیس اور رینجرز محض زبانی جمع خرچ پر ہی گزارا کر رہی ہے، حکومت اگر دہشت گردی کے روک تھام کا فریضہ انجام نہیں دے سکتی تو فوری مستعفی ہو جائے، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک منظم سازش کے تحت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شیعہ اکابرین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں یکسر ناکام نظر آتے ہیں، بیرونی امداد کے بل بوتے پر کراچی سمیت پورے ملک میں آگ و خون کا بازار گرم کیا جا رہا ہے، شیعہ نسل کشی پر میڈیا کی پراسرار خاموشی بھی سوالیہ نشان ہے، بعض چینلز پر ناعاقبت اندیش اینکرز بیٹھ کر پاکستان میں پراکسی وار کا راگ الاپتے ہیں، اگر پاکستان میں دو ملکوں کی پراکسی وار ہوتی تو حملے بھی دو طرفہ ہوتے، جو کہ نہیں ہیں، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان میں کوئی فرقہ راویت نہیں بلکہ یکطرفہ دہشت گردی ہے جس کو ریاستی اور بین الاقوامی سرپرستی حاصل ہے۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے پچھلے دو دن میں دو ڈاکٹروں قاسم عباس، حیدر رضا، ایک وکیل وقار شاہ اور جوان مظہر حسین اور علی بہادر کے بہیمانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں چن چن کر شیعہ اکابرین کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صوبائی حکومت کراچی میں جاری قتل و غارت گردی کے اس کھیل کو ختم کرنے میں سنجیدہ کردار ادا کرے، کراچی میں روزانہ ایک درجن سے زائد بےگناہ شہریوں کے قتل عام کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے دہشت گردوں کے خلاف بیانات ہاتھی کے دانت لگتے ہیں۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے تختہ دار پر لٹکایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 371832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش