0
Saturday 19 Apr 2014 11:41

مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر مضبوط ملکی دفاع ناممکن ہے، نواز شریف

مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر مضبوط ملکی دفاع ناممکن ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے آرمی کیڈٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لیے مل جل کر کام کرنا ہو گا، مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر مضبوط ملکی دفاع ناممکن ہے۔ حکومت ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے لیے فوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کرے گی۔ کاکول میں 129ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ فوج کا پیشہ اپنی خاص نوعیت کے باعث وفاداری اور قربانی کا متقاضی ہے، آپ کو جنرل راحیل شریف جیسے افسروں کا کردار بھی ذہن میں رکھنا چاہیے، مت بھولیے گا کہ آپ کی قوم آپ پر بھرپور اعتماد کرتی ہے۔ 

انھوں نے کیڈٹس سے کہا کہ تربیت نے آپ کو مستقبل کے چیلنجوں سے کامیابی سے نمٹنے کے قابل بنا دیا ہے یہ چیلنج کئی شکلوں اور قسموں میں آپ کے سامنے آئیں گے، مشکل حالات کا آپ کو ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ ایک دن ہماری قوم مشکلات اور امتحانات میں کامیابی سے سرخرو ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی قیادت کی تیاری کا ایک اعلیٰ ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس عظیم ادارے میں آپ کے غیر متزلزل تصورات کو تقویت دی جاتی ہے۔ اس ادارے کے معیار کو قائم رکھیں اور اس کا تسلسل جاری رکھیں۔ 

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آپ کے کندھوں پر بے شمار ذمے داریاں بھی عائد ہوتی ہیں، معیار ایسا ہونا چاہیے کہ تمام افسران کے لیے کسوٹی ثابت ہو آپ عظیم اور بہادر مجاہدوں کی طرز پر قدم رکھ رہے ہیں۔ آپ مت بھولیں کے قوم بھی آپ کی پشت پر متحد کھڑی ہو گی۔ آپ کے زیرکمان فوجی جوان قربانی دینے پر بھی فخر محسوس کریں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے کاکول پہنچے تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کاکول میں منعقد ہونے والی 129 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آو ٹ تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پریڈ گراوٴنڈ آمد پر وزیراعظم نوازشریف کو سلامی دی گئی جس کے بعد وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے اعلیٰ کارکردگی پر حمزہ کمپنی کو قائداعظم پرچم دیا۔ پی ایم اے لانگ کورس میں پاس آوٴٹ ہونے والوں میں 7 کیڈٹس کا تعلق فلسطین اور بحرین سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 374407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش