0
Thursday 24 Apr 2014 09:11

کوئٹہ میں‌ ایف سی بلوچستان کی 3 روزہ کمانڈ کانفرنس کا انعقاد

کوئٹہ میں‌ ایف سی بلوچستان کی 3 روزہ کمانڈ کانفرنس کا انعقاد

اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کی تین روزہ کمانڈ کانفرنس فرنٹیئر کورہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے صدارت کی۔ کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے بھی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کمانڈنٹس سے خطاب کیا۔ کانفرنس کا آغاز فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرکے کیا گیا۔ کانفرنس میں پیشہ وارانہ امور اور جوانوں کی تربیت کے معیار کے علاوہ سرحدوں پر سکیورٹی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کمانڈنٹس پر زور دیا کہ سرحدوں پر مکمل چوکس رہیں اور ہر وقت موثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمانڈنٹس اپنی اپنی ذمہ داریوں کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں۔ مقامی انتظامیہ، پولیس اور لیویز کے ساتھ موثر رابطہ رکھیں۔ تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے ساتھ موثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جلاس میں فرنٹیئر کور بلوچستان کی بجٹ کٹوتی سے محکمے کے آپریشن ٹریننگ اور انتظامی استعداد پر مرتب ہونے والے اثرات کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔

آئی جی ایف سی نے فرنٹیئر کور کے مختلف شعبوں میں جاری بھرتی کے عمل میں میرٹ کی پاسداری کو ہر صورت میں یقینی بنانے پر زور دیا۔ آئی جی ایف سی نے ضلع قلات کے علاقے پرود میں دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے شرپسندوں اور مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے احکامات صادر کئے۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی بلوچستان کے عوام اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے ہر ممکن تعاون اور اقدامات کرتی رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون پسند عوام اور شہریوں سے عزت و احترام سے پیش آیا جائے تاکہ تحفظ کا احساس پیدا ہو سکے۔ میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے جوانوں کی تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا اعلان کیا۔ انہوں نے جوانوں کے فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کی منظوری دی۔

خبر کا کوڈ : 375907
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش