0
Wednesday 30 Apr 2014 23:19
ملک کی سلامتی اور تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ دینے والے مشعل راہ ہیں

معاشرے میں فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے ذریعے خلفشار پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں، میجر جنرل اعجاز شاہد

معاشرے میں فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے ذریعے خلفشار پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں، میجر جنرل اعجاز شاہد

اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئرکور بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھلاتیں اور اُن کی قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر اپنے ملک کی سلامتی، تحفظ اور نظریاتی سرحدوں کا تحفظ کرتی ہیں۔ یوم شہداء کے سلسلے میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیراہتمام ایف سی کی تمام کوروں میں فرنٹیئر کور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پُروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے شہداء کے لواحقین، افسروں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ آئی جی ایف سی نے یوم شہداء کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی یاد میں یہ تقاریب ہمارے اس عہد کی تجدید ہیں کہ ہم اپنے عزیز شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ملنے والی سلامتی، آزادی اور وقار کی ہر صورت حفاظت کریں گے۔ اپنے ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر رونما ہو نے والے حالات و واقعات کے باعث ہمیں اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں۔ ملک دشمن قوتیں ہمارے وجود کو غیر مستحکم کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔ معاشرے میں فرقہ واریت اور انتہا پسندی کو جنم دے کر خلفشار پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہمارے جوانوں نے بلند عزم، قربانی اور شجاعت کے جو کارنامے انجام دیئے ہیں، وہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔

آئی جی ایف سی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے شہداء کی بہادری اور ایثار کی لازوال مثالوں نے فرنٹیئر کور بلوچستان پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے ورثاء کو یقین دلایا کہ وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ فرنٹیئر کور بلوچستان اور عوام انکے احسان مند ہیں اور ہم سب کبھی نہ ٹوٹنے والے رشتے سے منسلک ہیں۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ شہید ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور انکے ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ صوبے بھر میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے تمام کوروں میں یوم شہداء کی تقاریب سے کمانڈنٹس نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے عہد کیا، کہ ملک کی سالمیت، دفاع، قدرتی آفات اور امن و امان کے قیام کیلئے ایف سی کے جوان اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔ یوم شہداء کے موقع پر تمام کوروں میں ایف سی اور پاک آرمی کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

خبر کا کوڈ : 378093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش