0
Thursday 8 May 2014 19:48

ایران اور پاکستان کے تعلقات مثالی اور لازوال ہیں، گورنر پنجاب

ایران اور پاکستان کے تعلقات مثالی اور لازوال ہیں، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے گورنر علی اوست ہاشمی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مثالی اور لازوال ہیں، ان تعلقات کو سازشوں کی گرم ہوائیں متاثر نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان اور پنجاب کے درمیان تعلقات کو فروغ دیں گے، ایرانی گورنر کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیش کش خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے حکام مل کر قابل عمل منصوبوں کا جائزہ لیں گے تاکہ ان پر پیش رفت کی جا سکے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر گورنر سیستان علی اوست ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، نواز شریف کے دورہ تہران سے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں، پنجاب اور سیستان بلوچستان میں مختلف شعبوں پر دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، سیاحت، توانائی، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں پاکستان خصوصاً پنجاب سے تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں آ کر مجھے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ میں اپنے ہی گھر آ گیا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 380571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش