0
Thursday 22 May 2014 09:46

نریندر مودی مسلم دشمنی کے حوالے سے پوری دنیا میں بدنام ہے، سردار یعقوب

نریندر مودی مسلم دشمنی کے حوالے سے پوری دنیا میں بدنام ہے، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے کسی بیرونی طاقت یا غیر ریاستی افراد کی ضرورت نہیں ہم اپنی جنگ خود لڑیں گے۔ کشمیری اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ پاکستان کے18 کروڑ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ بھارت کے نو منتخب وزیراعظم نریندر مودی کو کامیابی پرمبارکباد دیتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اقدام کریں گے۔ نریندر مودی مسلم دشمنی کے حوالے سے پوری دنیا میں بدنام ہیں۔ اب بحیثیت وزیراعظم وہ اس داغ کو دھونے کے لیے اپنی مسلم آبادی کو مطمئن کریں اور کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیں۔ اگر بھارتی حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے اور کچلنے کی کوشش کی تو وہ بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بنیاد رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں کشمیر ہاؤس میں شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کی برسی کے موقعہ پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ شہداء کشمیر ہمارے محسن ہیں۔ جنھوں نے مادر وطن کی آزادی کے لیے جانیں قربان کیں انہوں نے کہا کہ میر واعظ مولوی عمر فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون تحریک آزادی کشمیر کے سرخیل تھے۔ پوری کشمیری قوم دونوں شہید رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ہر دور میں کٹھن اور مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ قابض طاقتوں کے خلاف برسر پیکار رہے۔ شہید رہنماء کل جماعتی حریت کانفرنس کی تشکیل میں پیش پیش رہے جس کی بدولت کشمیری قوم کو اپنی بات عالمی برادر ی تک پہنچانے کے لیے ایک متفقہ پلیٹ فارم حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر عظیم ہستیوں، جانباز مجاہدین، علماء کرام اور مدبر سیاستدان کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ شہید میر واعظ مولوی محمد فاروق ایک بہترین عالم، اعلی پائے کے مقرر اور مدبر سیاستدان تھے جنہوں نے 1947ء کے بعد مشکل ترین حالات کا مقابلہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا۔ میر واعظ مولوی فاروق نے مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کی سازشوں کو کامیاب حکمت عملی سے نا کام بنایا۔ سردار یعقوب نے کہا کہ میر واعظ خاندان نے ہمیشہ کشمیریوں کی دینی، سیاسی، سماجی اور تعلیمی میدانوں میں راہنمائی کی اور اپنی بہترین صلاحیتوں اور کوششوں کی بدولت جموں کشمیر کی تاریخ پر ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ کشمیری قوم اس خاندان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ خواجہ عبدالغنی لون شہید ایک بااصول سیاستدان، مدبر دانشور اور ماہر قانون تھے۔ جنہوں نے حالات کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ بھارتی افواج نے کئی مرتبہ انہیں شہید کرنے کی ناکام کوششیں کیں۔ اس کے باوجود شہید رہنماء نے اپنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں ہونے دیا اور اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے شہید رہنماؤں کی قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گی، شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم کسی کو شہیدوں کے خون سے غداری کی اجازت نہیں دیں گے۔ شہید قائدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلا جائے اور ان کے ادھورے مشن کو مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ بیس کیمپ کی حکومت اپنے فرائض سے غافل نہیں۔ سفارتی سطح پر ہماری کوششیں جاری ہیں، مسئلہ کشمیر حل ہو کر رہے گا۔ میں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین سمیت ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عالمی سطح پر ہماری حمایت بڑھ رہی ہے اور بھارت کا دوغلہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔

اس کانفرنس سے حریت رہنما سید فیض نقشبندی، سید علی رضا بخاری، داؤد یوسفزی، محمد حسین خطیب، راجہ آزاد، جماعت اسلامی کے رہنما نور الباری، مسلم کانفرنس کے رہنما ممبر اسمبلی کونسل سردار صغیر چغتائی، لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ بزرگ رہنما امان اللہ خان، غلام نبی نوشہری، جاوید اقبال بڈھانوی، سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین اور صدر تقریب میر واعظ محمد احمد خان نے بھی خطاب کیا اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 384999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش