0
Monday 26 May 2014 18:30
عوام نے ترقی، گُڈ گورننس اور ملک میں استحکام کیلئے مینڈیٹ دیا

نریندرا مودی بھارت کے 15ویں وزیراعظم بن گئے، حلفیہ تقریب میں سارک ممالک سربراہان کی شرکت

نریندرا مودی بھارت کے 15ویں وزیراعظم بن گئے، حلفیہ تقریب میں سارک ممالک سربراہان کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ نریندرا مودی نے بھارت کے 15ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے، بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے نریندرا مودی سے حلف لیا۔ حلفیہ تقریب میں سارک ممالک سربراہان نے شرکت کی، جس میں پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نواز شریف کو منموہن سنگھ کی برابر والی نشست دی گئی۔ بنگلہ دیش کی وزیراعظم تقریب میں شرکت نہ کرسکیں، ان کی جگہ اسپیکر بنگلادیش اسمبلی شرمین چوہدری نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے کی تقریب کے موقع پر بھارتی دارالحکومت میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور لگ بھگ 15ہزار سکیورٹی اہلکاروں نے سکیورٹی کے انتظام سنبھالے۔ تقریب میں افغان صدر حامد کرزئی نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف، افغان صدر حامد کرزئی، سری لنکا کے صدر راجا پاکسے، بھوٹان کے وزیراعظم شے رنگ توبگے، نیپالی وزیراعظم سشیل کوئرالہ کے علاوہ سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ان کی اہلیہ، کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی اور بولی وڈ اسٹارز نے شرکت کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دلی کے بھارتیہ راشٹرا بھون میں نئے وزیراعظم نریندرا مودی کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، افغان صدر حامد کرزئی اور سری لنکن صدر مہندا راجا پکسے سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سفیروں اور مہمانوں نے شرکت کی۔ بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے نریندرا مودی سے بھارت کے 15ویں وزیراعظم کا حلف لیا۔ بھارتی وزیراعظم نے ہندی میں حلف اٹھایا۔ اس سے قبل وزیراعظم محمد نواز شریف بھارت کے نو منتخب وزیراعظم نریندرا مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے راشٹریہ بھون پہنچنے تو ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی آمد پر تالیاں بجا کر اور حاضرین نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ، بی جے پی کے رہنماء ایل کے ایڈوانی اور سابق بھارتی صدر عبدالکلام اور دیگر شخصیات کے ساتھ مصافحہ کیا، خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا اور خیریت دریافت کی۔
 
وزیراعظم نواز شریف پہلی صف میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کی برابر والی نشست پر براجمان تھے جبکہ افغان صدر حامد کرزئی ان کے بائیں جانب بیٹھے تھے۔ اس کے علاوہ ساتھ والی نشستوں پر سونیا گاندھی، ایل کے ایڈوانی اور سارک ممالک کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات بیٹھی تھیں۔ بھارت کے نو منتخب وزیراعظم نریندرا مودی کی تقریب حلف برداری میں چار ہزار کے قریب شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں نئی بھارتی حکومت کی ٹیم نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ 24 وزیر، 10 وزرائے مملکت اور 11 جونیئر وزراء پر مشتمل ٹیم میں راج ناتھ سنگھ کو بھارت کا نیا وزیر داخلہ، ارون جیتلی وزیر خزانہ، سُشما سوراج کو وزیر خارجہ، نجمہ ہیبت اللہ کو اقلیتی امور، نیتین گدکاری وزیر ٹرانسپورٹ، گوپی ناتھ منڈے دیہی ترقی، مانیکا گاندھی ترقی خواتین اور اشوک جی راجو شہری ہوا بازی کا وزیر بنایا گیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کی ویب سائٹ پر نریندرا مودی نے بھارتی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے عوام نے ترقی، گُڈ گورننس اور ملک میں استحکام کیلئے مینڈیٹ دیا ہے۔ بھارت کو ترقی کی نئی منازل پر پہنچانے کیلئے عوام کے تعاون اور حمایت کی ضرورت ہے۔ آئیں مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بھارت کا مل کر خواب دیکھیں۔ عوام کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 386556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش