0
Wednesday 28 May 2014 09:04

چوہدری مجید کی برجیس طاہر سے ملاقات

چوہدری مجید کی برجیس طاہر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجیداور وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کے درمیان منگل کے روز وزارت امور کشمیر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ، متاثرین منگلا ڈیم کے حل طلب مسائل اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیرنو کے منصوبوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ متاثرین منگلاڈیم کے مسائل فوری حل طلب ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت ہونے کے باعث تعمیراتی کام رکا ہوا ہے جبکہ عمارات زیر آب آنے کی وجہ سے بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور روڈ انفراسٹریکچر بھی متاثر ہوا ہے۔

چوہدری مجید نے آزادکشمیر کے لیے بجلی کا کوٹہ فوری طور پر مختص کرنے پر بھی زور دیا تاکہ آزادکشمیر کے عوام کی مشکلات کم ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو اپنے مفاد پر مقدم رکھا اور آئندہ بھی ملکی سلامتی، قومی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ منگلاڈیم پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر ریاستی عوام نے ایک مرتبہ پھر قومی ذمہ داری پوری کی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں تعمیروترقی کا پہیہ چلانے کے لیے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ بہت ضروری ہے تاکہ جاری منصوبے متاثر نہ ہوں۔ آزادکشمیر میں حکومت اپنے وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف کی طرف سے آزادکشمیر کی تعمیروترقی میں بھرپور دلچسپی لینے، تاؤ بٹ سے منگلا تک دو رویہ روڈ بنانے، اسلام آباد سے مظفرآباد تک ریل سروس کے منصوبے شروع کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر امور کشمیر نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں آزادکشمیر کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کے قومی منصوبے کے لیے بڑی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں لوڈشیڈنگ کم کرانے کے لیے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے بات کرنے کے علاوہ وزارت پانی و بجلی کو خط بھی لکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی ترقیاتی ضروریات کو سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 386953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش