0
Wednesday 28 May 2014 21:21

مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر بھارت و پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات پائیدار ثابت نہیں ہوسکتے، حریت کانفرنس (م)

مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر بھارت و پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات پائیدار ثابت نہیں ہوسکتے، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کی ایگزیکٹیو کونسل، جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میں حریت صدر دفتر سرینگر پر منعقد ہوا، اجلاس میں حریت کانفرنس کی جملہ اکائیوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں رواں سیاسی تحریکی اور تنظیمی صورتحال پر تفصیل کے ساتھ غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں بھارت و پاکستان وزراءاعظم کے درمیان ہوئی ملاقات اور مسائل کے حل کے ضمن میں جامع مذاکراتی عمل کے اقدامات پر اتفاق رائے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حریت کانفرنس ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی خواہاں رہی ہے اور اگرچہ دونوں جوہری مملکتوں کے مابین خوشگوار تعلقات اس خطے کے سیاسی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے تاہم اجلاس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات پائیدار ثابت نہیں ہوسکتے اور نہ اس مسئلہ کو پس پشت ڈال کر یا اس مسئلہ کے حل کے ضمن میں وقت گزاری کی پالیسی اختیار کرکے اس خطے میں دائمی امن قائم ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان کوئی اندرونی یا سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے لہٰذا اس مسئلہ کے حل کے حوالے سے کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیری حریت پسند قیادت کی شرکت ان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ناگزیر امر ہے، اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکراتی عمل مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں ایک بہتر شروعات ثابت ہوسکتے ہیں تاہم اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ جامع مذاکراتی عمل کا ایک اہم حصہ ہوگا کیونکہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کی خواہشات سے صرف نظر کرکے دونوں ممالک کے درمیان دیگر حل طلب مسائل کے حوالے سے کوئی بھی مذاکراتی عمل بے نتیجہ ثابت ہوگا، اجلاس میں حریت کانفرنس (م) کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حریت کانفرنس کو ہر سطح پر فعال اور متحرک بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 387222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش