0
Sunday 15 Jun 2014 19:52
دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور کارروائی شروع

پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں آپریشن "ضرب عضب" کا اعلان

پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں آپریشن "ضرب عضب" کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا نام ''ضرب عزب'' رکھا گیا ہے۔ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن حکومتی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے، جس میں پاک فوج کو دہشتگردوں کے خاتمے کا ہدف دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شمالی وزیرستان میں ملکی اور غیر ملکی دہشتگرد چھپے بیٹھے ہیں۔ دہشتگردوں نے ریاست پاکستان کیخلاف جنگ شروع کر رکھی ہے اور شمالی وزیرستان میں نظام زندگی کو مفلوج بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کو بیس بنا کر پاکستان کے دیگر علاقوں میں حملے کئے۔ پاک فوج کو دہشتگردوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پاکستانی فوج کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقوں دیگان اور دتہ خیل میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر گذشتہ رات بمباری کی جس میں 80 شرپسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ مارے جانے والوں میں زیادہ تعداد ازبک دہشتگردوں کی ہے۔ جیٹ طیاروں کی بمباری میں کراچی ائر پورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ ابو عبدالرحمان المانی بھی مارا گیا ہے۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر حملے میں ملوث غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی کی مستند رپورٹ تھی۔ فضائی کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت 80 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں کے اسلحہ کے ذخیرے کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔ سکیورٹی فورسز کا قافلہ میر علی سے میرانشاہ آ رہا تھا کہ قافلے میں موجود گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے سے تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ روز مہمند ایجنسی میں بھی سکیورٹی فورسز پر دو حملے کئے گئے، جس میں سکیورٹی اہلکار سمیت دو تین افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس کے کچھ دیر بعد بھی ایک دھماکہ ہوا، جس سے ایک شخص جاں بحق اور دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے. ادھر مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں بھی سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا تھا، جس سے ایک اہلکار زخمی اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا تھا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن حکومت کی ہدایت پر شروع کر دیا گیا ہے، آپریشن مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف شروع کیا گیا ہے جبکہ آپریشن کا نام "ضرب عضب"رکھا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کو دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کا مشن سونپا گیا ہے۔ اعلان کے بعد پاک فوج شمالی وزیرستان میں غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں رہنے والے محب وطن اور پرامن لوگ ہیں، دہشت گرد کارروائیوں سے ملک کی ترقی اور معاملات زندگی کو نقصان پہنچ رہا ہے، دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں معمولات زندگی معطل اور لوگوں کو خوف زدہ کیا ہوا ہے، آپریشن غیر ملکی دہشت گردوں کےخلاف شروع کیا گیا ہے، آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 392216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش