0
Friday 27 Jun 2014 20:47

سنی اتحاد کونسل نے آپریشن ضربِ عضب کی حمایت میں ’’یومِ یکجہتئ پاک فوج‘‘ منایا

سنی اتحاد کونسل نے آپریشن ضربِ عضب کی حمایت میں ’’یومِ یکجہتئ پاک فوج‘‘ منایا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام آپریشن ضربِ عضب کی حمایت میں ملک گیر ’’یومِ یکجہتئ پاک فوج‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں اہلسنّت کی اڑھائی لاکھ مساجد میں علمائے اہلسنّت نے ’’آپریشن ضربِ عضب ایک مقدس جہاد‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور جمعہ کے اجتماعات میں آپریشن ضربِ عضب کے حق میں قراردادیں منظور کی گئیں اور عوام سے دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد اور آئی ڈی پیز کی امدادی مہم میں شرکت کا حلف لیا گیا جبکہ نماز جمعہ کے بعد فوجی شہداء کے لیے ہر مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درود والے بارود والوں کی سرکوبی کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ آپریشن ضربِ عضب پاکستان بچانے کا جہاد ہے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے۔ آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی سے قوم کو امن کا تحفہ ملے گا۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شریک فوجی افسران اور جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب صدیقی نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں دہشت گردی کے ناسور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گا۔ قوم پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ آپریشن ضربِ عضب قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب سے غداران پاکستان کا خاتمہ ہو گا۔ متاثرین وزیرستان کی مدد کے لیے قومی جذبے کی ضرورت ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین سیّد جواد الحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان اپنے لہو سے پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاک فوج کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ملک کو بہت جلد دہشت گردی سے نجات ملے گی۔ یومِ یکجہتئ پاک فوج کے موقع پر بھکر میں علامہ محمد شریف رضوی، کوئٹہ میں مولانا محمد وزیرالقادری، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، فیصل آباد علامہ باغ علی رضوی، لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صاحبزادہ حمید الدین رضوی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 395612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش