0
Sunday 29 Jun 2014 12:04

آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، چوہدری محمد یاسین

آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، چوہدری محمد یاسین
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور یہاں کے حالات کا براہ راست اثر کنٹرول لائن کے اس پار مقبوضہ پر پڑتا ہے اس لئے ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ آزاد خطہ میں تحمل، رواداری اور برداشت کو فروغ دے کر باہمی بھائی چارے اور اخوت و محبت کی فضا قائم کر کے مثالی اسلامی فلاحی معاشرہ تشکیل دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ میرپور شہر کے دوران راجہ حفیظ الرحمن آف پنجڑی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر (ر) راجہ فضل الرحمن، ڈاکٹر مرغوب احمد، حاجی فضل الرحمن، چیئرمین راجہ طارق سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ 

سینئر وزیر نے کہا کہ الحمداللہ آزاد کشمیر کی موجودہ منتخب جمہوری کو تین سال مکمل ہو چکے ہیں اور ہم نے اپوزیشن کے ساتھ بھی مساویانہ سلوک برقرار رکھا ہے۔ آزاد کشمیر چھوٹا سا خطہ ہے اور اپنی حساسیت کی وجہ سے یہ افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔ سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں ہم ایک خدا، ایک رسول اور ایک قرآن کو ماننے والے ہیں ہمیں اعلی اسلامی و اخلاقی روایات کو پروان چڑھا کر نئی نسل کو جدید علوم سے بہرہ مند کر کے انہیں اقوام عالم کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے اجتماعی اور سنجیدہ کوششیں خلوص نیت سے کرنا چاہیں۔ برادری علاقائی اور قبلائی ازم کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان ہماری امیدوں کا مرکز و محور ہے۔ کشمیری بانی پاکستان حضرت قائداعظم اور خالق تصور پاکستان حضرت علامہ اقبال کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے اور ہم ان کے فرمودات کی روشنی میں اللہ کے فضل سے درست سمت جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی نے معیشت کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ ہم شروع ہی سے دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے حامی چلے آ رہے ہیں۔ مسلح افواج پاکستان کا کردار تاریخی اور ناقابل فراموش ہے پوری قوم حالیہ آپریشن مین فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ آٓزاد کشمیر میں بلدیاتی اداروں کے تعاون سے عوام کی دہلیز پر ان کے مسائل حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 396033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش