0
Tuesday 8 Jul 2014 21:25

فوج کا دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب جہاد عظیم ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

فوج کا دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب جہاد عظیم ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے باعث ملکی سالمیت خطرے میں تھی جس کی حفاظت کے لئے پاک فوج نے آپریشن شروع کرکے 20 کروڑ عوام پر احسان کیا ہے۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ فاٹا کے 95 فیصد سے زائد افراد پرامن اور پاکستان کے وفادار شہری ہیں، صرف چند ہزار اندرونی و بیرونی دہشت گردوں نے فاٹا، شمالی وزیرستان سمیت پورے پاکستان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث ملکی سالمیت خطرے میں تھی، جس کی حفاظت کے لئے فوج نے آپریشن شروع کرکے 20 کروڑ عوام پر احسان کیا ہے کیونکہ فوج ملک بچانے آئی ہے۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ فوج نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا اور آپریشن ضرب عظیم ایک عظیم جہاد ہے جس میں آخری وقت تک ملک کا بچہ بچہ آئی ڈی پیز اور فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا، پاک فوج کا ایک ایک جوان مجاہد عظیم ہے اور ہم ملک کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان کے لوگوں نے ملکی بقا اور آزادی کی جنگ لڑی، ہم اس مشکل وقت میں انہیں اور اپنی افواج کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے آئی ڈی پیز کے لئے امداد کی پہلی کھیپ بھیجی جا رہی ہے، جس میں 14 ٹرکوں کے ذریعے خوراک اور ادویات سمیت ضروریات زندگی کی تمام چیزیں موجود ہیں، جبکہ اس کے علاوہ بہت جلد ایک اعلٰی سطح کا وفد بنوں میں متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 398173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش