0
Wednesday 9 Jul 2014 14:27

بلوچستان میں نئی صبح کے طلوع ہونے کے آثار پیدا ہو رہے ہیں، محمد خان اچکزئی

بلوچستان میں نئی صبح کے طلوع ہونے کے آثار پیدا ہو رہے ہیں، محمد خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان بدل رہا ہے اور ایک نئی صبح کے طلوع ہونے کے آثار پیدا ہو رہے ہیں۔ جس کا منہ بولتا ثبوت آج کی یہ تاریخی، خوبصورت اور باوقار افتتاحی تقریب ہے۔ آل پاکستان ٹی 20 کرکٹ کپ کوئٹہ 2014ء کی بنیاد رکھ کر صوبے میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے مثبت قدم اٹھایا ہے۔ ٹی 20 ٹورنامنٹ سے بلوچستان کے نوجوانوں کے تابناک مستقبل کا آغاز ہو گا۔ اس افتتاحی تقریب میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، کمانڈر سدرن کمانڈ میجر جنرل ناصر جنجوعہ، اسپیکر صوبائی اسمبلی میرجان محمد جمالی، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت مجیب الرحمن محمد حسنی، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، اعلیٰ سول و فوجی حکام اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر نے آل پاکستان ٹی 20کرکٹ کپ 2014ء کی کامیاب افتتاحی تقریب کے انعقاد پر حکومت بلوچستان، پاک آرمی، فرنٹیئر کور بلوچستان اور تمام منتظمین کو بھرپور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے 19 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں کئی نامور کھلاڑی بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ جو قومی یکجہتی، سالمیت اور اتحاد و اتفاق کے لئے مؤثر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صحت مند جسم، صحت مند ذہن کے قول پر کاربند رہتے ہوئے صوبے بھر میں ہونے والے کھیلوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2014ء میں بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول کا پرامن اور باوقار انعقاد، صوبائی حکومت، پاک آرمی اور فرنٹیئر کور کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ لائٹ کرکٹ جوکہ کوئٹہ میں کبھی ناممکنات میں سے تھا فرنٹیئر کور بلوچستان کی کاوشوں سے ممکن ہوتا نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر ہے، اب ایک بار پھر اس شہر کی رونقیں دوبارہ بحال کرنے اور زندہ دلان بلوچستان کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کے لئے آل پاکستان ٹی۔20کرکٹ کپ 2014ء سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوگا اور بلوچستان کے نوجوان قومی کرکٹ کا حصہ بن کر انٹرنیشنل مقابلوں میں اپنے ملک اور صوبے کا نام روشن کریں گے۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب میں رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے جس میں بینڈ کا مظاہرہ، ملی نغمے، علاقائی رقص اور کراٹے کے مظاہرے شامل تھے۔ آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے نے ایوب اسٹیڈیم اکبر بگٹی گراؤنڈ میں موجود شائقین کے دل موہ لئے اور آتش بازی کی رنگ و روشنی سے آسمان جگمگا اٹھا، بعد ازاں گورنر الیون اور وزیراعلیٰ الیون کی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا اور میچ کے اختتام پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، کمانڈر سدرن کمانڈ میجر جنرل ناصر جنجوعہ، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت اور آئی جی ایف سی نے انعامات تقسیم کئے، واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اکبر بگٹی گراؤنڈ کو عالمی معیار کی فلڈ لائٹ جبکہ صوبائی مشیر خزانہ خالد خان لانگو اور صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کھلاڑیوں اور فن کاروں کے لئے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 398197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش