0
Monday 14 Jul 2014 19:57

سنی اتحاد کونسل نے ’’اسرائیل مردہ باد مہم‘‘ کا آغاز کر دیا

سنی اتحاد کونسل نے ’’اسرائیل مردہ باد مہم‘‘ کا آغاز کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے ’’اسرائیل مردہ باد مہم‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ 18جولائی کو دنیا بھر میں ’’یومِ مذمت اسرائیل‘‘ منایا جائے گا۔ ارضِ فلسطین آج پھر کسی صلاح الدین ایوبی کو پکار رہی ہے۔ اسلامی ممالک خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلسطین کی بیٹیاں اور معصوم بچے عالم اسلام کی بے حسی پر ماتم کر رہے ہیں۔ اسرائیل نصف صدی سے ہر عالمی قانون کو روند رہا ہے۔ اسرائیل کی مسلسل 6 روز سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری ایک ارب 60کروڑ مسلمانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مسلمان ممالک کو اسرائیل کے منہ زور گھوڑے کی لگام اب کھینچنی چاہیے تاکہ فلسطینی مسلمان سکھ کا سانس لے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف منعقدہ اسرائیل مردہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے کہا کہ امریکہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ پاکستانی حکومت مظلوم فلسطینیوں کے حق میں عالمی سطح پر آواز اٹھائے اور میاں نواز شریف مسلم حکمرانوں سے ہنگامی رابطے کریں۔ اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر فلسطینیوں کے دفاع کا مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔ صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کے حملے رکوائے۔ مسلمان ممالک اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ امریکہ اسرائیل کے مظالم میں شریک ہے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ مسلم اُمّہ کو غفلت کی نیند سے بیدار ہونا ہو گا۔ سلامتی کونسل میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف جب بھی قرارداد آتی ہے تو امریکہ اسے ویٹو کر دیتا ہے۔ اسرائیل دنیا کے کسی ادارے، کسی ضابطے اور کسی قانون کا احترام نہیں کر رہا۔ اسرائیل کھلم کھلا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ کانفرنس سے میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، پیر میاں غلام مصطفی، مفتی محمد رمضان جامی، علامہ حامد سرفراز، علامہ شرافت علی، اسد رفیق رضوی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 399397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش