0
Saturday 6 Sep 2014 14:35

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن میں 29 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کئے، رینجرز کا دعویٰ

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن میں 29 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار کئے، رینجرز کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ رینجرز سندھ نے ایک سال سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زائد چھاپوں میں 29 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ، خودکش جیکٹس، دستی بم، آئی ای ڈی، راکٹ شیل، لانچر، اور گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رینجرز سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق رینجرز سندھ کی جانب سے گزشتہ سال 5 ستمبر 2013ء کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر جرائم پیشہ، دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن کے دوران 5 ستمبر 2014ء تک مجموعی طور پر 3 ہزار 5 سو 61 چھاپوں کے دوران 29 ہزار 935 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس میں 152 ٹارگٹ کلرز، 225 بھتہ خور، 28 اغوا برائے تاوان کے ملزمان جبکہ 12 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

رینجرز سندھ نے ایک سال کے دوران 141 مقابلوں میں 197 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کو موت کے گھاٹ اتارا جبکہ مقابلوں کے دوران 136 ملزمان کو گرفتار اور 32 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ دہشت گردوں، بھتہ خوروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ایک سال سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں رینجرز کے 16 افسران و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 44 اہلکار زخمی ہوئے۔ رینجرز ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران مختلف اقسام کے 5 ہزار 81 ہتھیار برآمد ہوئے جس میں مشین گنز، سب مشین گنز، لائٹ مشین گنز، آر پی جی 7 راکٹس، لانچرز، دستی بم، خودکش جیکٹس، امپروائس ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے علاوہ مختلف اقسام کے ہتھیاروں کی ایک لاکھ 97 ہزار 897 گولیاں بھی برآمد کرلیں۔ رینجرز سندھ نے کراچی اولڈ ٹرمینل پر دہشت گردوں کے حملے میں مقابلے کے دوران دہشت گردوں کو ہلاک کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔
خبر کا کوڈ : 408498
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش