0
Monday 17 Nov 2014 18:04

پارٹی کالا باغ ڈیم بنانے کی ضد چھوڑ دے، حلیم عادل شیخ کا پارٹی قیات سے ملاقات میں احتجاج

پارٹی کالا باغ ڈیم بنانے کی ضد چھوڑ دے، حلیم عادل شیخ کا پارٹی قیات سے ملاقات میں احتجاج
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمیں پاکستان چاہیئے یا کالا باغ ڈیم، پارٹی اپنا مؤقف واضح کرے، مسلم لیگ سندھ کالا باغ ڈیم نہیں بننے دے گی، گزشتہ روز مسلم لیگ کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی حمایت میں سیمینار کے بعد انہوں نے پارٹی کی اعلی قیات سے ملاقات سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد اس ڈیم کے بارے میں اپنی پالیسی واضح کریں کیونکہ اس ڈیم کا بننا سندھ کے مفادات کے خلاف ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں سندھ کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کالا باغ ڈیم بنانے کی ضد چھوڑ دے، پارٹی کی صدارت چھوڑ سکتا ہوں مگر حلیم عادل شیخ سندھ کی عوام کے جزبات کا سودا نہیں کریگا، اگر ایسا نہیں ہوا تو مسلم لیگ قائداعظم سندھ اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوگی، چودھری شجاعت حسین نے سندھ میں آکر اس ایشو کو دفن کیا اب یہ زندہ کیسے ہوسکتا ہے، پارٹی کا ڈبل موقف نہیں ہونا چاہیے، ملک میں متبادل ڈیم بنانے کے امکانات موجود ہیں لہذا ہمیں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے جس نے درمیانے اور چھوٹے ڈیم بھی کامیابی سے بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑے ڈیم اس وقت تک نہیں بن سکتے جب تک وہ سیاسی طور پر قابل قبول نہ ہوں، اصل ایشو کالا باغ ڈیم نہیں بلکہ بجلی پیدا کرنا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بڑے اور متنازع ڈیم بنائے جائیں جبکہ کالا باغ ڈیم کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں موجود تین صوبوں کی طاقت اور اسمبلیوں نے اسے کافی عرصہ ہوا نامنظور کردیا ہے لہذا ایسے متنازع ڈیم کو بنانا پاکستان کی موجودہ مشکل سیاسی صورتحال کو مزید بڑھانا ہے، چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے موقع پر پارٹی کے دیگر معزز قائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ملک میں مزید مشکلات پیدا ہوجائیں گی، ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی معاملات کو سلجھایا جائے ناکہ ایسے متنازع امور کھڑے کیئے جائیں جس سے ملک میں پھر سے ایک تنازع پیدا ہو جبکہ کالاباغ ڈیم کی بجائے چھوٹے اور درمیانے سائز کے متادل ڈیم بنانے کے پروجیکٹ پر کام ہونا چاہیے جس کے لیے بھی ضروری ہوگا کہ اس صوبے کی رضامندی کو حاصل کیا جائے جس کے علاقے میں ڈیم بنے۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بھی بات چیت کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین خود بھی کہہ چکے ہیں کالا باغ ڈیم کا ایشو دفن ہوچکا ہے جس پر میں نے ان کہا ہے کہ اب اسے کیوں زندہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا، ہمیں اس وقت سندھ کے ایشوز کو حل کرنے کی بات کرنی چاہیے ناکہ اس کی احساس محرومی سے کھیلا جائے۔
خبر کا کوڈ : 419967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش