0
Monday 1 Dec 2014 17:52
ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت بحال ہونا شروع ہو گئی

نواز شریف کو کوئی سمجھانے والا نہیں کہ ڈیڈلاک ان کے حق میں نہیں، پرویزالٰہی

نواز شریف کو کوئی سمجھانے والا نہیں کہ ڈیڈلاک ان کے حق میں نہیں، پرویزالٰہی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طبیعت بحال ہونے لگ گئی، مختلف رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ آج پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کی عیادت کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کو ڈاکٹروں نے زیادہ بولنے سے منع کیا ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے زیادہ گفتگو نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ حکمران اقتدار چھوڑ دیں ورنہ پلان اے بی سی کی بجائے ہم حکمرانوں کو اے سے لے کر زیڈ تک سارا سبق پڑھا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار ہے، آج قوم بیدار ہو چکی ہے اور اسی بیداری کے باعث پورے ملک میں گو نواز گو کا نعرہ لگایا جا رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت اس وقت تنہا ہے اور ان کے بنائے پل جلد ہی گرنے والے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے اچھے کھلاڑی ہونے میں کوئی شک نہیں، پارلیمنٹ میں اس وقت اپوزیشن جماعتیں نہیں، پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں کھڑی نہیں بیٹھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب نےکچھ سوچ سمجھ کر ہی پہیہ جام کا پروگرام دیا ہے شائد ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی تو مسلم لیگ (ن) تحقیقات کیوں نہیں کروا رہی اور اگر انہوں نے پلان ’’سی‘‘ والی بات نہ مانی تو پھر انہیں پورا قاعدہ پڑھانا پڑے گا۔ نواز شریف کے ساتھ موجود لوگوں میں کوئی بھی انہیں یہ سمجھانے والا نہیں کہ موجودہ ڈیڈ لاک ان کے حق میں نہیں، اور وہ خود بھی یہ سمجھنا نہیں چاہتے۔ وہ بات تو انصاف کی کرتے ہیں لیکن جب گھر پر انصاف کا وقت آتا ہے تو بے گناہ لوگوں کے قتل کا مقدمہ درج کرنے نہیں دیا جاتا، ایف آئی آر درج ہوتی ہے تو مدعی کی خواہش کے مطابق تحقیقات نہیں کی جاتیں۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات خرم نواز گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی کی تشکیل کے لئے ان کی جماعت کی جانب سے چند نام دیئے گئے تھے جبکہ حکومت نے بھی چند نام تجویز کئے تھے۔ ہمارے نام رد کر دیئے گئے لیکن جب ہم نے ان کے مجوزہ ناموں میں ایک پر اتفاق کیا تو وہ اس سے بھی پھر گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اخبارات میں جھوٹی خبریں چلوا رہے ہیں کہ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو ایئرایمبولینس دینے کی پیشکش کی ہے، خرم نواز نے کہا کہ ہمیں ایئر ایمبولینس دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حالت یہ ہے کہ بھکر سے واپسی پر جب ڈاکٹر طاہرالقادری کی طبیعت خراب ہوئی تو ہم نے وہاں مقامی ہسپتال سے رجوع کیا تو ڈاکٹر نے حکومت کے خوف سے ڈاکٹر طاہرالقادری کا علاج کرنے سے انکار کر دیا تھا، جب صوبے میں ان کی آمریت کا یہ خوف ہے تو یہ کیسے ایئرایمبولینس دے دیتے۔ یہ جھوٹے اور مکار حکمران ہیں جو بات بات پر جھوٹ بولتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 422524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش