0
Saturday 6 Dec 2014 10:28

گلگت بلتستان اسمبلی کابینہ کا آخری اجلاس، 80 لاکھ کے گھوڑے خریدنے کی منظوری

گلگت بلتستان  اسمبلی کابینہ کا آخری اجلاس، 80 لاکھ کے گھوڑے خریدنے کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کابینہ کے آخری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ تمام محکموں میں خالی آسامیوں کو جلد از جلد مشتہر کرتے ہوئے جلد از جلد تعیناتیاں کرنے سمیت دیامر اور اسکردو ڈیوژن میں ڈی آئی جی اور کمشنر کی تقرری عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ کابینہ اجلاس میں منظوری دی گئی کہ2007ء سے کام کرنے والے 116 اساتذہ اور دیگر 46 اساتذہ کو ایک دفعہ پھر اہلیت ثابت کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ وزیراعلٰی سید مہدی شاہ نے عوامی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کا جلد از جلد ٹینڈر کرا کر ان پر کام شروع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ دوران ملازمت فوت ہو جانے والے ملازمین کے ورثاء کو سرکاری ملازمت دینے کی پالیسی کو فورا نافذ کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے اس بات کا بھی فیصلہ کیا کہ محکمہ تعمیرات کے 7000 ورک چارج ملازمین کی سمری وفاق سے منظوری کے لیے بھیج دی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ خوراک کے 70 اور محکمہ برقیات و پانی کے 50 ملازمین کی مستقلی کے لئے بھی وفاق کو سمری بھجوا دی جائے گی۔

اجلاس میں بونجی میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ شہدا پیکج کے تحت بھرتی کیے گئے پولیس ملازمین کی مستقلی کی بھی منظوری دی گئی۔ محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیر اہتمام کھیلوں اور ثقافت کی ترقی و ترویج کے لئے اسی لاکھ مالیت کے گھوڑے خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ کو مطلع کیا گیا کہ کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے لئے منظور کئے گئے ایکٹ کے نفاذ کے لیے بھی کام تیزی سے جاری ہے اور گریڈ 18 اور 17 کے ملازمین کے کیسز کی جانچ پڑتال سیکرٹری سروسز کر رہے ہیں جو کہ منظوری کے لیے چیف سیکرٹری کو بھیج دیئے جائیں گے اور گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کے کیسز کا فیصلہ انکے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کریں گے۔ اجلاس نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کوئی بھی انکوائری تین ماہ کے اندر مکمل کر دی جائے گی اور جن کیسز میں تیں ماہ کے اندر فیصلہ نہ آنے کی صورت میں با اختیار حکام سے معطلی کو برقرار رکھنے کی اجازت طلب کی جائے گی۔ وزیراعلٰی نے اجلاس کو کہا کہ علاقے کی ترقی پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی مرہون منت ہے اس لئے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے۔ اجلاس میں کابینہ کے تمام اراکین سمیت چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجہ اور دیگر محکموں کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے اجلاس کے آخر میں کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔  وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے چیف سیکرٹری کی خدمات کو سراہا اور علاقے کی عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 423642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش