0
Saturday 6 Dec 2014 00:52

انجمن ہلال احمر کی جانب سے جی بی میں 2016ء تک ایک لاکھ رضاکار رجسٹرڈ کرنے کا ہدف مقرر

انجمن ہلال احمر کی جانب سے جی بی میں 2016ء تک ایک لاکھ رضاکار رجسٹرڈ کرنے کا ہدف مقرر
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں وقوع پذیر ہونے والے قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کو لاحق خطرات کو کم کرنے کے حوالے سے نوجوانوں کے اندر رضا کارانہ خدمات کو فرو غ دینے کے لئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان کے مابین ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ جمعہ کو رضاکاروں کے عالمی کے دن کے مو قع پر ہلال احمر گلگت بلتستان کے زیراہتمام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران کے آئی یو کے رضاکاروں کے کنونیئر اسسٹنٹ پروفیسر منظور علی اور ہلال احمر کی صوبائی سیکرٹری نور العین نے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر کی صوبائی سیکرٹری نور العین نے کہا کہ رواں سال صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے رضاکارانہ خدمات کے فروغ پر زور دینے کے بعد ہلال احمر پاکستان نے سال 2016ء تک ملک میں 50 لاکھ جبکہ گلگت بلتستان میں ایک لاکھ سے زائد رضا کار رجسٹرڈ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لئے ملک بھر کی اعلٰی ترین یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ساتھ معاہدے بھی کئے گئے ہیں اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والا معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس سے ہلال احمر کے اس عظیم مشن کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہلال احمر گلگت بلتستان اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کے آئی یو والینٹئرز کو مختلف شعبوں میں تربیت کے مواقعے فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا جس میں فرسٹ ایڈ کی تربیت کی فراہمی اولین ترجیحی ہوگی۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی ڈین فکلٹی آف لائف سائنسز ڈاکٹر عارف النساء نقو ی نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور ہلال احمر کے مابین ہونے والے معاہدے سے طلبا وطالبات کے اندر رضاکارانہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 423610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش