0
Sunday 14 Dec 2014 21:22

لاہور تیار ہے، کل سے نواز شریف کی الٹی گنتی شروع ہوگی، عمران خان

لاہور تیار ہے، کل سے نواز شریف کی الٹی گنتی شروع ہوگی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کل پورا لاہور بند ہوگا، اگر حکومت نے رانا ثناء اللہ جیسے افراد کو استعمال کیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ کہتے ہیں کل سے نواز شریف کی الٹی گنتی شروع ہوگی۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کچھ بھی کر لے، کل لاہور فیصلہ کر بیٹھا ہے، ہم پرامن ہوں گے، اگر فیصل آباد جیسا واقعہ دھرایا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں جرم کرنیوالا جیل جائے گا، چاہے وہ نواز شریف ہو یا آصف زرداری، نئے پاکستان میں اگر وزیراعظم سگنل کی پابندی نہیں کریگا تو اس کا بھی چالان کٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گولی چلائے بغیر کراچی کو بند کرا گیا۔ لوگوں نے پرامن طریقے سے شہر قائد میں احتجاج کیا۔

اس سے پہلے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کل لاہور میں مظاہرین پر گلو بٹوں کو چھوڑا گیا تو کارکن لڑنے کو تیار ہیں اور کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جبکہ حکومت سے مذاکرات کے لئے ایم او یو تیار کر لیا اور اسی کو سامنے رکھتے ہوئے بات چیت کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور اسد عمر پر مشتمل تحریک انصاف کا وفد وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرے گا اور جہاں سے مذاکرات کا سلسلہ ٹوٹا تھا وہیں سے بات آگے بڑھے گی اور اس حوالے سے ہنگامی بنیاد پر بنائے گئے ایم او یو پر حکومت سے دستخط لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باعث پیدا ہونے والی عوامی مشکلات کا احساس ہے، تاہم حکومت سے مذاکرات وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے جہاں بات چیت کا سلسلہ ٹوٹا تھا اور اگر حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنا دیا تو ملک بند کرنے کی کال واپس لے لیں گے۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام کل کا احتجاج کامیاب بنانے میں ساتھ دیں اور تاجروں سے اپیل ہے کہ ایک دن کی قربانی دیں، ہوسکتا ہے کہ ایک دن کی قربانی سے ملک میں حقیقی تبدیلی دکھائی دے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر کل لاہور میں مظاہرین پر گلو بٹوں کو چھوڑا گیا تو کارکن لڑنے کو تیار ہیں اور کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہم نے چار حلقوں میں دھاندلی کو چیلنج کیا، جن کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، اگر حکومت چاہتی تو ایک ہفتے میں سب کچھ سامنے آجاتا لیکن اس عمل میں ڈیڑھ سال لگ گیا اور اب کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے کہ حکومت اب دھاندلی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں دوبارہ انتخابات کرانے کے لئے کوششیں نہیں کر رہی بلکہ چاہتے ہیں کہ انتخابات 2013ء کے دوران عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کے حوالے سے حکومت کو چار حلقے کھولنے کا کہا اور ان چار حلقوں سے میں وزیراعظم نہیں بن جاتا، تاہم حکومت نے دھاندلی چھپانے کے لئے سرد مہری کا مظاہرہ کیا، جسے جلد اس کے کئے کی سزا ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 425651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش