0
Thursday 18 Dec 2014 22:01
اچھے اور برے طالبان کی رٹ ختم ہونی چاہیے

نواز حکومت ناکام ہوچکی، فوج دہشتگردی کیخلاف اصولی فیصلہ کرے، علامہ ناصر عباس جعفری

دہشتگردوں کیخلاف پورے ملک میں آپریشن اور ان کے حامیوں کو بے نقاب کیا جائے
نواز حکومت ناکام ہوچکی، فوج دہشتگردی کیخلاف اصولی فیصلہ کرے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اچھے اور برے طالبان کی رٹ ختم ہونی چاہیے، دہشتگردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کیا جائے اور ان کے حامیوں کو بے نقاب کیا جائے، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف ایک ہے، حکمران دہشتگردی کیخلاف کوئی پالیسی دینے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، نواز شریف کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہے، پاک فوج دہشتگردی کے خلاف اصولی فیصلہ کرے اور ملک بھر میں دہشتگردوں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے، علم دشمن عناصر پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے، ملک میں جزا اور سزا کے قانون پر عمل داری کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سانحہ اسکول کے زخمی طالب علموں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ علم دشمن قوتوں کو ہم اپنے اتحاد و حدت سے ناکام بنا دیں گے، دشمن دیکھ لے کہ قوم کس کیساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ وہ اس وقت تک پشاور سے نہ اٹھتے جب تک دہشتگردی کیخلاف کوئی ٹھوس حکمت عملی نہ اپنا لیتے اور اصولی فیصلہ نہ کرلیتے، لیکن یہاں دو دن کی بیٹھک لگا کر حکمران چل دئیے، دہشتگردی کے خلاف پالیسی کا تاحال نہ بننا شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی قوم متحد ہے لیکن حکمران منتشر ہیں، دہشتگرد ملک میں خون بہانے کیلئے ایک ہیں لیکن حکمران تاحال کوئی پالیسی بنانے میں ناکام ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہم پر حکمرانی کریں، کیا ایک سو چالیس طالب علموں کی شہادت کے بعد انہیں مل بیٹھنا یاد آیا ہے، میاں صاحب کی حکومت کو ڈیڑھ سال ہوگیا ہے لیکن تاحال وہ دہشتگردی کیخلاف کوئی پالیسی بنانے میں ناکام ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فی الفور دہشتگردوں کیخلاف ملک بھر میں بے رحم آپریشن کرے اور دہشتگردوں کو اور ان کے حامیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت قوم کو بتائے کہ ہمارے اصل دشمن کون ہیں، ان کے پیچھے کونسی فکر کارفرما ہے اور کون ہے جو بیگناہ افراد کے قتل کے فتوے دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس دہشتگردی کے پیچھے کوئی سیکولر لوگ نہیں ہیں، بلکہ وہ لوگ ملوث ہیں جو نعرہ تکبیر لگا کر خود کو پھاڑتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 426643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش