0
Thursday 1 Jan 2015 18:00

عدل وانصاف نہ ملنے پر مایوسی اور انتہا پسندی جنم لیتی ہے،طاہرالقادری

عدل وانصاف نہ ملنے پر مایوسی اور انتہا پسندی جنم لیتی ہے،طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نئے سال کی آمد پر اپنے بیان اور کارکنوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ 2015 آپریشن ضرب عضب کی 100 فیصد کامیابی، آئی ڈی پیز کی بحافظت گھروں کو واپسی اور پاکستان میں ہر مذہب اور طبقہ کے افراد کیلئے امن سلامتی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے حقیقی ثمرات اسی وقت سامنے آئیں گے جب دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے کاٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ’’امن لائیں گے، پاکستان بچائیں گے‘‘ کے عزم کے ساتھ نئے سال کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سانحہ پشاور اور ماڈل ٹاؤن کی خونی یادیں دے کر رخصت ہو رہا ہے، مقتولوں کو بھولیں گے نہ قاتلوں کو، عدل و انصاف نہ ملنے سے مایوسی اور انتہا پسندی جنم لیتی ہے، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان ظلم اور ناانصافی کے خلاف اپنی جدوجہد کو تیز تر کر دیں۔ علمی، فکری، سیاسی اور سماجی سطح پر اپنا قومی کردار ادا کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کو برداشت کرنا ظلم کو تقویت دینے کے مترادف ہے، پاکستان کے عوام ظلم اور زیادتی کو برداشت کرنے کی بجائے آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں، پاکستان ہمارا گھر ہے اور اسکا ہر شہری اپنے گھر کی حفاظت کی ذمہ داری دل و جان سے محسوس کرے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد قوم نے حکمرانوں پر اعتماد نہیں کیا بلکہ انہیں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مہلت دی ہے کیونکہ دہشت گردوں نے اب ہماری آئندہ نسلوں کے خلاف جنگ شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کی بات ہو رہی ہے، پاکستان عوامی تحریک نے اس جنگ کا اعلان 2008 میں 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ دے کر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے سانحہ پشاور کے بعد ابہام سے پاک موقف اختیار کیا اور فوری اقدامات اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 429646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش