0
Tuesday 5 May 2009 15:18

سوات: مینگورہ پر طالبان کا قبضہ، ضلع بھر میں غیرمعینہ مدت کیلئے کرفیو، امتحانات ملتوی، بونیر میں 22 جنگجو ہلاک

سوات: مینگورہ پر طالبان کا قبضہ، ضلع بھر میں غیرمعینہ مدت کیلئے کرفیو، امتحانات ملتوی، بونیر میں 22 جنگجو ہلاک
سوات کے علاقے مینگورہ میں مسلح طالبان نے اہم عمارتوں اور شاہراہوں پر قبضہ کر کے علاقے میں مسلح گشت شروع کر دیا جس کے باعث 46 پولیس اہلکار محصور ہو گئے اور بعض تھانوں تک محدود ہو گئے۔ جبکہ ضلع بھر میں سیکورٹی فورسز نے غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کر دیا ہے اور امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا۔ دوسری جانب بونیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدت پسندوں کے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے اور فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں 22 جنگجو ہلاک اور تین اہلکار شہید ہو گئے جبکہ تین عام شہری بھِی زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے مینگورہ میں طالبان نے اہم عمارتوں اور شاہراہوں پر قبضہ کر لیا جس کے باعث 46 اہلکار محصور ہوکر رہے گئے، شدت پسندوں نے گرڈ اسٹیشن پر بھی حملہ کر کے قبضہ کر لیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے مابین لڑائی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سیکورٹی فورسز نے شدید مزاحمت کے بعد گرڈ اسٹیشن پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ سوات میں طالبان کی جانب سے امن معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور طالبان اشتعال انگیز اقدامات کر رہے ہیں۔ سوات میں سیکورٹی فورسز اور ڈی سی او سوات نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں گشت شروع کردیا ہے اور گزشتہ شام 7 بجے سے آج صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا اور لوگوں کو کرفیو کے وقت گھروں سے نہ نکلنے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی سی او نے احکامات جاری کئے ہیں کہ گاڑی میں تین سے زیادہ لوگ سفر نہ کریں جبکہ شدت پسندوں کی جانب سے کرفیو کی خلاف ورزی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور مسلح طالبان نے اہم عمارتوں اور سڑکوں پر قبضہ کر کے سرکاری املاک کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ سوات میں طالبان کی سرگرمیوں میں اضافہ حکومت کی جانب سے دارلقضاء کے قیام کے اعلان کے بعد سے دیکھا جا رہا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کیونکہ طالبان اور تحریک نفاذ شریعت نے حکومت کی جانب سے دارلقضاء کے قیام اور قاضیوں کی تعیناتی کو یکطرفہ قرار دیا ہے۔ ادھر سوات میں پرتشدد واقعات میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شدت پسندوں نے تحصیل بریکوٹ میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے جبکہ فورسز نے علاقے میں مزید چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔ تندوڈاگ کے علاقے میں ایک اور ہائی اسکول کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ : 4306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش