0
Saturday 17 Jan 2015 08:55

بھارتی یوم جمہوریہ پر مکمل ہڑتال کی جائے گی، علی گیلانی

بھارتی یوم جمہوریہ پر مکمل ہڑتال کی جائے گی، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما نے کہا ہے کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ اپنے بیان میں حریت رہنما نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر پیش کر رہا ہے لیکن مقبوضہ وادی میں اس کے جمہوری دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر غیر ریاستی افراد کو آباد کرنے کے منصوبے کے خلاف کشمیری قیادت متحد ہو گئی ہے۔ ایک برطانوی اخبار کے مطابق کشمیری رہنمائوں نے بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سازشی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے ارادوں سے باز رہے۔ بزرگ رہنما علی گیلانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بھارت کے اس شرانگیز منصوبے کے خلاف 26جنوری کو مکمل ہڑتال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے دشمن نہیں لیکن بھارت نے جموں و کشمیر پر طاقت کے بل پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ 

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ نے کہا کہ ہم بھارت کے مکروہ عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیں گے۔ انہوں نے ایک 3 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو مختلف مزاحمتی جماعتوں، آئینی ماہرین اور سول سوسائٹی کے ساتھ مشاورت کرے گی۔ اس کے بعد بھارتی حکومت کے اس شرانگیز منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ میر واعظ نے مزید کہا کہ یہ کوئی فرقہ وارانہ معاملہ نہیں بلکہ کشمیری مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کا سوال ہے۔ دریں اثنا سری نگر میں لبریشن فرنٹ کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد کشمیری مسلمانوں نے بھارت کی ان ناپاک سازشوں کے خلاف دھرنا دیا۔ 

دریں اثنا سری نگر میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو آباد کرکے کشمیری مسلمانوں کے مذہبی اور سماجی تشخص کو مٹانے کی مکروہ سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے جموں و کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو شہریت دینے کی کوشش کی تو پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سراپا احتجاج بن جائیں گے، ایسی صورت میں کشمیری عوام کے غصے کی آگ کو کنٹرول کرنا بھارتی حکومت کیلئے ممکن نہیں رہے گا۔ بی جے پی حکومت کی یہ حرکتیں جاری رہیں تو بھارت خود ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا، دھرنے کے شرکاء نے بھارت کے خلاف اور اس کے جابرانہ تسلط سے نجات کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔
خبر کا کوڈ : 433046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش