0
Monday 13 Apr 2015 15:46

گلگت بلتستان میں عملاً گورنر راج نافذ ہو چکا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی گلگت

گلگت بلتستان میں عملاً گورنر راج نافذ ہو چکا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی گلگت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ گورنر برجیس طاہر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور غیرقانونی بنیادوں پر ٹھیکوں کی بندر بانٹ اور بھرتیوں میں ملوث ہو رہے ہیں اگر یہ طرز عمل فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو عوام کو لے کر سڑکوں پر نکل کر دھرنے دینگے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی گلگت کے سیکرٹری جنرل آفتاب حیدر ایڈوکیٹ چیئرمین ابراہیم، امجد ایڈوکیٹ، سعدیہ دانش اور ڈاکٹر علی مدد شیر سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ برجیس طاہر کی بحیثیت گورنر تقرری آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور موصوف نے گورنر ہاؤس کو پارٹی سیکرٹریٹ بنا رکھا ہے۔ مختلف اضلاع میں جا کر عوام سے نواز لیگ کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں، انتخابی حلقوں میں خصوصی دورے کر کے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لئے راہ ہموار کر رہے ہیں جو کہ آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ گلگت بلتستان میں عملا گورنر راج نافذ ہو چکا ہے نگران حکومت بھی غائب ہے، گورنر اپنے منصب سے نیچے آ کر ایسے چھوٹے ملازمین کو تنگ کر رہے ہیں جو پی پی پی کے ووٹر اور سپورٹر ہیں۔ سابق چیف سیکرٹری نے گورنر کے غیرقانونی احکامات ماننے سے انکار کیا تو ان کو تبدیل کر کے اپنی مرضی کا چیف سیکرٹری تعینات کیا ہے جنہوں نے گورنر کے اقدامات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور برجیس طاہر گلگت بلتستان میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اخباری مالکان پر دباؤ ڈال کر آزادی صحافت پر قدغن لگا رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ برجیس طاہر گلگت بلتستان کے وسائل پر ہاتھ صاف کرنا چاہتے ہیں نیٹکو میں 2 کروڑ روپے سے ٹائروں کی خریداری کا ٹھیکہ غیرقانونی طور پر حافظ حفیظ الرحمان کے رشتہ دار کو دیا گیا ہے اسی طرح 9 کروڑ روپے مالیت کا جیلوں کی اپ گریڈیشن کا ٹھیکہ بھی چور دروازے نواز لیگ کے عہدیدار کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز حفیظ الرحمان کے بندوں کو انسپکٹر جنرل آف پولیس نے غیرقانونی طور پر بھرتی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برجیس طاہر نے اپنی اے ڈی پی دیامر میں فروخت کر دی ہے پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان کونسل کا بجٹ گزشتہ 2 سالوں سے منظور نہیں کیا گیا ہے اور منصوبے باہر باہر ہی تقسیم کئے جا رہے ہیں لہٰذا کونسل ممبران نے بجٹ اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں ابھی تک فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں اکنامک زون گلگت بلتستان میں نہیں رکھا ہے پیپلز پارٹی کو اس حوالے سے شدید تحفظات ہیں، یہی وجہ ہے کہ کونسل کے اجلاس میں اس مسئلے بارے میں بائیکاٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گورنر برجیس طاہر باز نہ آئے تو عوام کو لے کر سڑکوں پر آئینگے۔
خبر کا کوڈ : 454040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش